حتمی ملکیت جائیداد معاملت کے لیے قانون سازی

   

مسودہ پر قانونی ماہرین کی رائے ، جائیدادوں کا ڈیجٹیلائزیشن کا کام تقریبا مکمل
حیدرآباد۔2ڈسمبر(سیاست نیوز) حکومت حتمی ملکیت جائیداد کے معاملہ میں قانون سازی کے لئے تیاری کر رہی ہے اور مرکزی حکومت کی جانب سے اس قانون کو ملکیت اراضی قانون 2019کا نام دیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت ہند کی جانب سے اس قانون کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے اور مسودہ قانون کو ماہرین قانون کی رائے کے حصول کیلئے روانہ کردیا گیا ہے ۔ ماہرین قانون کی رائے کے حصول کے دوران حکومت کی جانب سے ماہرین کی کمیٹی کی جانب سے اس قانون کے خد و خال تیار کرلئے جائیں گے جو کہ مسودہ میں شامل رکھے گئے ہیں ۔ سرکاری اراضیات کے تحفظ کے علاوہ خانگی زر خرید اراضیات کے معاملہ میں حکومت کی جانب سے روشناس کروائے جانے والے اس قانون کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ حکومت ہند نے ملک بھر میں موجود جائیدادوں کا ریکارڈ ڈیجٹلائز کرنے کے عمل کو 90 فیصد تک مکمل کرلیا ہے اور اس مسودہ قانون کے کو پارلیمنٹ میں پیش کرنے کے بعد ملک کی تمام ریاستوں میں موجود جائیدادوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے اور حکومت کے ذرائع کا کہناہے کہ اس قانون پر عمل آوری کے ذریعہ جائیدادوں کی خریدی میں کی جانے والی بے نامی سرمایہ کاری پر قابو پانے کے علاوہ کسانوں اور سرکاری اراضیات کو محفوظ بنایا جاسکے گا اور اراضیات اور جائیدادوں کی خریدی کے خواہشمندوں کو سہولت کی فراہمی کیلئے اراضیات کے معاملات کو سہل بناتے ہوئے ان کی سرمایہ کاری کو بھی محفوظ کیاجائے گا۔ ذرائع کے مطابق اراضیات کے ریکارڈ کی تیاری اور اراضیات کی فروخت کی صورت میں لائی جانے والی تبدیلی سے ملکیت کا بہ آسانی پتہ چلنے لگے گا اور کسی دستاویزات کے گمشدگی کی صورت میں بھی کمپیوٹرائیزڈ ریکارڈ موجود رہیں گے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے مجوزہ قانون کے مسودہ کو تمام ریاستی حکومتوں کو روانہ کرتے ہوئے ان سے اس قانون کی بہتر عمل آوری کو یقینی بنانے کی خواہش کی گئی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ حکومت ہند مسودہ قانون کی منظوری کے ساتھ ہی تمام ریاستوں میں اس قانون کے نفاذ کو یقینی بنانے کے اقدامات کرے گا۔ماہرین قانون کا کہناہے کہ حکومت کی جانب سے تیار کیا گیا مسودہ قانون ارضیات کے تنازعات کے حل میں بھی اہم کردار ادا کرسکتا ہے اگر حکومت کی جانب سے اس مسئلہ کے حل کے اقدامات کئے جاتے ہیں تو ملکیت کے تنازعات کو بھی دور کرنے میں موجود دشواریوں کو ختم کیا جاسکتا ہے۔