حج 2019 : حیدرآباد سے عازمین حج کی روانگی کا 26جولائی سے آغاز

   

Ferty9 Clinic

اضلاع کی حج سوسائٹیوں کا اجلاس، عازمین کی بہتر خدمت کیلئے خادم الحجاج کو ہدایت، ایر انڈیا سے حلال غذا کی فراہمی
حیدرآباد۔/22جون، ( سیاست نیوز) حج 2019 کیلئے حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے عازمین حج کی روانگی کا 26 جولائی سے آغاز ہوگا۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ حج کمیٹی نے تمام اضلاع کی حج سوسائٹیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ عازمین حج کو حج کیمپ، ایر پورٹ اور سعودی عرب میں انتظامات سے آگاہ کریں۔ حج کمیٹی کی جانب سے آج اضلاع کی حج سوسائٹیوں اور خادم الحجاج کا اجلاس طلب کیا گیا تھا۔ صدر نشین محمد مسیح اللہ خاں نے صدارت کی۔ اجلاس میں حج سوسائٹیوں کو روانگی اور واپسی سے متعلق ایر انڈیا کی جانب سے موصولہ ابتدائی شیڈول سے واقف کرایا گیا۔ 26 جولائی سے عازمین کے قافلوں کی روانگی کا آغاز ہوگا اور 22 قافلوں میں 4 اگسٹ تک عازمین حج کی روانگی عمل میں آئے گی۔ حجاج کرام کی واپسی 7 ستمبر سے مدینہ منورہ سے عمل میں آئے گی اور آخری قافلہ 15 ستمبر کو حیدرآباد واپس ہوگا۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے آندھرا پردیش کے تمام عازمین حج کے علاوہ کرناٹک اور مہاراشٹرا کے چند اضلاع کے عازمین کی روانگی اور واپسی ہوگی۔صدر نشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں نے حج سوسائٹیوں کے ذمہ داروں سے خواہش کی کہ وہ عازمین حج کو سفر حج کے دوران کی تمام احتیاط کے بارے میں واقف کرائیں تاکہ انہیں اس سفر مقدس میں کوئی دشواری نہ ہو۔ سوسائٹیوں سے خواہش کی گئی کہ وہ فلائیٹ کی آن لائن بکنگ کیلئے عازمین کو ترغیب دیں ۔ گذشتہ سال صرف 50 فیصد عازمین نے آن لائن بکنگ کی تھی۔ جاریہ سال صد فیصد آن لائن بکنگ کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ آن لائن بکنگ کرنے والے عازمین روانگی سے 10 گھنٹے قبل حج ہاوز پہنچیں گے جبکہ دیگر عازمین کو 24 گھنٹے قبل حج ہاوز پہنچنا ہوگا۔ اسسٹنٹ ایکزیکیٹو آفیسر عرفان شریف نے حج سوسائٹیوں کو حج کیمپ اور ایر پورٹ کے انتظامات کے بارے میں واقف کرایا۔ ہر عازم ساڑھے 22 کیلو کے 2 بیاگیج اپنے ساتھ رکھ سکتے ہیں اس کے علاوہ 10کیلو ہینڈ کیاری کی اجازت رہے گی۔ جاریہ سال ایر انڈیا کی فلائیٹس کا انتظام رہے گا۔ سنٹرل حج کمیٹی سے روانگی کا شیڈول توقع ہے کہ جلد جاری کردیا جائے گا۔ عرفان شریف نے بتایا کہ حج کمیٹی کی جانب سے اردو میں حج گائیڈ شائع کی جائے گی اور آئندہ ماہ تقسیم عمل میں آئے گی۔ عازمین حج سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ انہیں دی جانے والی 2100 ریال میں سے 500 ریال طعام اور ٹرانسپورٹ کیلئے محفوظ رکھیں۔ 28 اضلاع کی سوسائٹیوں کے صدور اور سکریٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔ ٹیکہ اندازی کا جولائی کے دوسرے ہفتہ میں آغاز ہوگا۔ اسی دوران تلنگانہ سے روانہ ہونے والے 22 خادم الحجاج کا علحدہ اجلاس طلب کیا گیا جس میں انہیں عازمین حج کی خدمات کے بارے میں ہدایات دی گئیں۔ خادم الحجاج سے کہا گیا کہ وہ اپنے فرائض کی تکمیل میں کوئی کوتاہی نہ کریں۔ کسی بھی شکایت کی صورت میں ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ خادم الحجاج طیارہ میں عازمین حج کو دعا پڑھائیں گے۔ ایر انڈیا نے فلائیٹس میں عازمین حج کو حلال غذا فراہم کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ اجلاس میں صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کے علاوہ حج کمیٹی کے دیگر ارکان محمد عارف احمد، ڈاکٹر عقیل ہاشمی، عارف الدین اور ابو طلحہٰ امجد نے شرکت کی۔