حیدرآباد ۔16۔ڈسمبر (سیاست نیوز) حج 2020 ء کیلئے آن لائین درخواستوں کے ادخال کی کل 17 ڈسمبر آخری تاریخ ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں دو مرتبہ توسیع کی ہے۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش میں گزشتہ سال کے مقابلہ جاریہ سال داخل کردہ درخواستوں کی تعداد کم ہے جس کے نتیجہ میں قرعہ اندازی میں زائد خواہشمندوں کے نام منتخب ہوسکتے ہیں۔ تلنگانہ حج کمیٹی کو تاحال 8502 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 13000 سے زائد تھی۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا ڈاکٹر مقصود احمد خاں نے سیاست کو بتایا کہ ملک بھر میں جاریہ سال درخواستوں کے ادخال کا رجحان کم دیکھا گیا جس کے نتیجہ میں حج کمیٹی نے دو مرتبہ تاریخ میں توسیع کی ہے ۔ مختلف ریاستوں میں حج کوٹہ کے مطابق درخواستیں داخل کی گئیں۔ آندھراپردیش میں گزشتہ سال حج کوٹہ سے کم درخواستیں داخل کی گئی تھیں اور تمام درخواست گزاروں کو قرعہ اندازی کے بغیر منتخب کرلیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ حج ادائیگی کے خواہشمند سنٹرل حج کمیٹی کی ویب سائیٹ پر 17 ڈسمبر کی رات تک آن لائین درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف حج کمیٹیوں نے درخواست گزاروں کی سہولت کیلئے خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے ہیں۔ درخواست گزاروں کے پاس مشین سے پڑھا جانے والا پاسپورٹ ہونا چاہئے جو 20 جنوری 2021 ء تک کارکرد رہے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ سعودی حکومت نے حکومت ہند کو اس سلسلہ میں تیقن دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قرعہ اندازی کی تاریخ کا عنقریب اعلان کیا جائے گا ۔ دوسری طرف ناظر رباط حسین محمد الشریف نے رباط کی تین عمارتوں میں سابق ریاست حیدرآباد کے منتخب عازمین حج کے قیام کے انتظامات کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ حکومت سعودی عرب کی جانب سے تصریح کی اجرائی کے بعد عازمین کی تعداد کا تعین کیا جائے گا ۔