حج 2020 آن لائن درخواستوں کے ادخال کا آغاز، ڈسمبر میں قرعہ اندازی

,

   

خامیوں سے پاک انتظامات کی مساعی، اقلیتی بہبود کیلئے خاطر خواہ بجٹ، وزیر داخلہ محمود علی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/10 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے حج 2020 کے لئے آن لائن درخواستوں کے ادخال کا آج حج ہاوز میں افتتاح کیا۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے آن لائن درخواستوں کے ادخال میں درخواست گذاروں کی مدد کیلئے خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے ہیں۔ درخواست گذار اپنے طور پر یا کسی انٹرنیٹ سنٹر اور حج ہاوز کے کاؤنٹرس پہنچ کر اپنی درخواستیں آن لائن کرسکتے ہیں۔ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 10 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ 70 سال سے زائد عمر کے درخواست گذاروں اور مَحرم کے بغیر حج کرنے کی خواہشمند خواتین کی درخواستوں کو قرعہ اندازی کے بغیر قبول کرلیا جائے گا۔قرعہ اندازی توقع ہے کہ ڈسمبر کے آخری ہفتہ میں رہے گی۔درخواست گذار آن لائن درخواستوں کے ادخال کے بعد ہارڈ کاپی ریاستی حج کمیٹی میں جمع کرائیں۔ آن لائن سسٹم کی افتتاحی تقریب میں رکن قانون ساز کونسل ایم ایس پربھاکر، صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خاں، صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم، ایکزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی بی شفیع اللہ ( آئی ایف ایس) چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ عبدالحمید اور حج کمیٹی کے ارکان موجود تھے۔ وزیر داخلہ نے حج کاؤنٹرس کا معائنہ کرتے ہوئے درخواست گذاروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ درخواست گذاروں کی بہتر طور پر خدمت انجام دی جائے اور ضرورت پڑنے پر کاؤنٹرس میں اضافہ کیا جائے۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد سے عازمین حج کی خدمات کے سلسلہ میں تلنگانہ ریاست سرفہرست رہی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اللہ کے مہمانوں کی بہتر خدمت کی ہدایت دی اور اس کے لئے مناسب بجٹ بھی مختص کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج 2020 کے لئے بہتر انتظامات رہیں گے اور حج 2019 کے تجربات کو دیکھتے ہوئے منصوبہ تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی خامیوں کو دور کیا جائے گا۔ محمود علی نے کہا کہ مدینہ منورہ میں حجاج کرام کو رہائش کے سلسلہ میں بعض مسائل پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ رہائش کے بہتر انتظامات کیلئے مرکزی حکومت کے وفد میں تلنگانہ کو نمائندگی دینے کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا کو تجویز پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی بہبود کے بجٹ کو مکمل خرچ کیا جائے گا۔ ملک بھر میں معاشی انحطاط کا دور ہے اس کے باوجود تلنگانہ حکومت نے اقلیتی بہبود کیلئے خاطر خواہ بجٹ مختص کیا ہے۔ اقامتی اسکولوں اور دیگر اسکیمات کیلئے مختص کردہ بجٹ خرچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حج انتظامات کے سلسلہ میں اردو اکیڈیمی سے ایک کروڑ روپئے حاصل کئے گئے تھے جس کی پابجائی کردی جائے گی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ محکمہ اقلیتی بہبود میں مسلم عہدیداروں کی کمی ہے لہذا ایک سے زائد ذمہ داریاں موجودہ عہدیدار سنبھالے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اچھے عہدیداروں کو حاصل کرتے ہوئے اقلیتی بہبود کی اسکیمات پر عمل آوری کی جائے گی اور مکمل بجٹ خرچ کیا جائے گا۔ محمود علی نے کہا کہ اقامتی اسکولوں کے قیام کا مقصد مسلمانوں میں مسابقت کیلئے امیدواروں کو تیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسابقت میں مسلمانوں کی پسماندگی کے سبب اعلیٰ عہدوں پر مسلمان دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ محمود علی نے کہا کہ اندرون ایک ماہ وقف بورڈ کی مخلوعہ نشستوں کو پُر کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماہ بعد حکومت نظم و نسق پر مکمل توجہ مرکوز کرے گی کیونکہ انتخابات کے مراحل مکمل ہوجائیں گے۔ محمود علی نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ عازمین حج کیلئے جی ایس ٹی کو گھٹا کر 5 فیصد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ 2020 کے مؤثر انتظامات اور خاص طور پر سعودی عرب میں قیام کے دوران عازمین حج کو دشواریوں سے بچانے کیلئے عنقریب نئی دہلی میں نمائندگی کی جائے گی۔ وزیر داخلہ محمود علی دورہ دہلی کا منصوبہ رکھتے ہیں جہاں مرکزی وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی اور حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں کو تلنگانہ کے عازمین کیلئے مؤثر انتظامات کے سلسلہ میں تجاویز پیش کی جائیں گی۔