حج 2021 ء ایکشن پلان جاری ، 7 نومبر سے آن لائین درخواستوں کی وصولی

   

حیدرآباد: حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2021 ء ایکشن پلان کا اعلان کیا جس کے تحت 7 نومبر سے عازمین حج سے آن لائین درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوگا۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا ڈاکٹر مقصود احمد خاں نے ملک کی تمام حج کمیٹیوں کو ایکشن پلان کی تفصیلات روانہ کی ہے۔ ملک بھر میں 7 نومبر سے آن لائین درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوگا اور 10 ڈسمبر درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ رہے گی۔ ایکشن پلان کے مطابق جنوری میں قرعہ اندازی کے ذریعہ عازمین حج کا انتخاب کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈسمبر میں مرکزی حکومت کا وفد سعودی عرب کا دورہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان باہمی حج معاہدہ کو قطعیت دے گا۔ 15 مئی 2021 ء کو ویکسن ریاستی حج کمیٹیوں کو سربراہ کی جائے گی اور 16 مئی سے منتخب عازمین کو ٹیکہ اندازی کا آغاز ہوگا۔ مدینہ منورہ میں عازمین حج کے انتظامات کو قطعیت دینے کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا کا وفد جنوری میں سعودی عرب کا دورہ کرے گا۔ فروری میں حج ٹرینرس کیلئے ٹریننگ کیمپ منعقد کئے جائیں گے۔ جنوری اور فروری میں امبارگیشن پوائنٹس اور حج چارٹرڈ فلائٹس آپریٹرس کا انتخاب کیا جائے گا۔ فروری میں خادم الحجاج کا انتخاب عمل میں آئے گا جنہیں مارچ میں ٹریننگ دی جائے گی ۔ 8 مئی سے حج ویزا انڈاسمنٹ کا آغاز ہوگا ۔ حج ایکشن پلان کے مطابق عازمین حج کی روانگی 26 جون سے شروع ہوگی جو 13 جولائی تک جاری رہے گی۔ 19 جولائی کو یوم عرفہ ہوگا۔