حج 2021:امسال 60ہزار غیر ملکی بھی کرسکیں گے حج، سعودی حکومت نے دی اجازت

   

اس سال غیر ملکی حاجیوں کو حج 2021 کرنے کی اجازت ہوگی۔ سعودی گزٹ کے مطابق مذہبی زیارت 2021 میں سب کے لئے کھلی ہوگی لیکن کووڈ 19 کو مدنظر رکھتے ہوئے حفاظتی قواعد کی ضرورت ہوگی۔ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کمیٹی میں وزیر اعظم کے خصوصی نمائندے مولانا طاہر اشرفی نے ہفتے کے آخر میں کہا تھا کہ سعودی عرب اس سال پوری دنیا سے 60 ہزار افراد کو حج ادا کرنے کی اجازت دے گا اور اس سال کورونا وائرس وبا کے پیش نظر 18سال سے کم اور 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو حج کی اجازت نہیں ہوگی۔ گزشتہ سال بھی کورونا وائرس وبا کی وجہ سے باقاعدہ طور پر سفر حج نہیں ہو سکا تھا۔ صرف 1000 عازمین کو اجازت دی گئی تھی۔ سفر حج کو لیکر گزشتہ سال دسمبر میں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ کورونا وبا کے سبب اس بار کا سفر حج مہنگا ہوگا۔ بتادیں کہ ہر مسلمان پر اقتصادی حالات بہتر ہونے پر حج کرنا فرض ہے۔