صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم کی ریجنل پاسپورٹ آفیسر ڈی بالیا سے ملاقات، خصوصی کاؤنٹر کے قیام سے اتفاق
حیدرآباد۔2 ۔مارچ (سیاست نیوز) حج 2023 ء کے درخواست گزاروں کے پاسپورٹس کی تجدید اور نئے پاسپورٹ کی اجرائی سے اتفاق کرتے ہوئے ریجنل پاسپورٹ آفیسر ڈی بالیا نے صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم کو تیقن دیا کہ اس سلسلہ میں خصوصی کاؤنٹر قائم کیا جائے گا ۔ پاسپورٹ آفیسر نے حج درخواست فارمس کے ادخال کی آخری تاریخ یعنی 10 مارچ سے قبل حج کمیٹی کے سفارش کردہ امیدواروں کے پاسپورٹس جاری کرنے سے اتفاق کیا۔ صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم نے ریجنل پاسپورٹ آفیسر سے ملاقات کی اور حج درخواست فارمس کے ادخال کی آخری تاریخ سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ درخواست فارمس کے ادخال کیلئے انٹرنیشنل پاسپورٹ ضروری ہے اور کئی درخواست گزار درکار مدت کے پاسپورٹ سے محروم ہے۔ بعض درخواست گزاروں کے پاس پاسپورٹ نہیں ہے۔ انہوں نے پاسپورٹ آفیسر سے خواہش کی کہ حج کمیٹی کی جانب سے سفارش کردہ افراد کے پاسپورٹس جلد جاری کئے جائیں۔ پاسپورٹ آفیسر نے اضلاع کے دفاتر کے بجائے حیدرآباد میں سلاٹ الاٹ کرنے سے اتفاق کیا۔ وزارت خارجہ نے بھی ملک کے تمام پاسپورٹ دفاتر کو عازمین حج کے پاسپورٹس کی عاجلانہ اجرائی کی ہدایت دی ہے ۔ محمد سلیم نے بتایا کہ درخواست کے ادخال کیلئے انٹرنیشنل پاسپورٹ کی مدت 3 فروری 2024 ء تک برقرار رہنی چاہئے۔ محمد سلیم نے خصوصی کاؤنٹرس کے قیام کی سفارش کی تاکہ 10 مارچ سے قبل تمام درخواست گزاروں کو پاسپورٹ حاصل ہوجائیں۔ پاسپورٹ آفیسر کو بتایا گیا کہ جاریہ سال تلنگانہ کو زائد حج کوٹہ الاٹ کئے جانے کا امکان ہے ، لہذا ریجنل پاسپورٹ آفس کو درخواست گزاروں کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔ر