حج 2023 ء کیلئے درخواستوں کے آن لائین ادخال کا آغاز

   

مین سرور میں خرابی دور کرلی گئی، صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم کا چیف اگزیکیٹیو آفیسر سے رابطہ
حیدرآباد۔16۔ فروری (سیاست نیوز) حج 2023 ء کے لئے آن لائین درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوچکا ہے۔ نئی دہلی کے مین سرور میں فنی خرابی کے باعث 10 فروری سے آن لائین درخواستوں کے ادخال میں دشواری پیش آرہی تھی۔ ایک رکنی کور کی درخواستوں کے ادخال کو قبول کیا جارہا تھا جبکہ زیادہ ارکان پر مشتمل گروپ کی درخواستیں آن لائین قبول نہیں ہورہی تھیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے 10 فروری سے آن لائین درخواستوں کے ادخال کا آغاز کیا اور 10 مارچ آخری ہے ۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے چیف اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا یعقوب شیخ سے ربط قائم کرتے ہوئے مین سرور میں خرابی کے سبب عازمین حج کو پیش آرہی دشواریوں سے واقف کرایا۔ سابق میں مین سرور حج کمیٹی آف انڈیا کے تحت تھا لیکن اس مرتبہ نئی دہلی میں وزارت اقلیتی امور نے یہ ذمہ داری قبول کی ہے۔ ملک بھر میں عازمین حج کو درخواستوں کے ادخال میں دشواری پیش آرہی تھی اور کل رات دیر گئے مین سرور کی خرابی درست کردی گئی اور آج سے کسی رکاوٹ کے بغیر عازمین حج اپنی درخواستیں آن لائین داخل کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حج کمیٹی نے عازمین حج کی سہولت کے لئے حج ہاؤز میں خصوصی کاؤنٹرس قائم ہیں جہاں سے عازمین اپنی درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ 5 دن کے وقفہ کے بعد آج سے درخواستوں کے ادخال کا باقاعدہ آغاز ہوا ہے۔ محمد دلیم نے فریضہ حج کی ادائیگی کے خواہشمند افراد سے اپیل کی کہ وہ حج کمیٹی میں قائم کردہ خصوصی کاؤنٹرس کی سہولت سے استفادہ کریں ۔ حج 2023 ء کے لئے ہندوستان کو 1.75 لاکھ کا کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے جس میں سے 80 فیصد حج کمیٹی آف انڈیا جبکہ 20 فیصد پرائیوٹ ٹور آپریٹرس کو الاٹ کئے جائیں گے ۔ ریاستوں میں مسلم آبادی کے اعتبار سے حج کوٹہ الاٹ کیا جاتا ہے۔ر