صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم نے آغاز کیا، 20 ڈسمبر آخری تاریخ
حیدرآباد۔/6 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حج 2024 کے لئے درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوچکا ہے۔ صدر نشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم نے آج حج ہاوز نامپلی میں آن لائن درخواستوں کے ادخال کیلئے فراہم کردہ سہولتوں کا آغاز کیا۔ حج کمیٹی نے عوام کی سہولت کیلئے 8 خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے ہیں جہاں آن لائن درخواستوں کے ادخال کی مفت سہولت رہے گی۔ عازمین حج اپنے موبائیل یا پھر کسی انٹر نیٹ سنٹر سے بھی آن لائن درخواستیں حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائیٹ پر داخل کرسکتے ہیں تاہم تلنگانہ حج کمیٹی نے عازمین کو مفت سہولت فراہم کرنے کیلئے خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے ہیں۔ محمد سلیم نے اس موقع پر عازمین حج سے ملاقات کی اور حج کمیٹی کی جانب سے دی جارہی سہولتوں سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند اور سعودی حکومت نے ہندوستانی عازمین حج کیلئے سہولتوں کو قطعیت دی ہے۔ گذشتہ سال کے مقابلہ انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی مساعی کی جائے گی۔ محمد سلیم نے بتایا کہ 70 سال سے زائد عمر کے افراد اور 45 سال سے زائد عمر کی 5 خواتین پر مشتمل گروپ کو قرعہ اندازی کے بغیر منتخب کیا جائے گا اور وہ حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی برسوں سے تلنگانہ امبارگیشن پوائنٹ عازمین حج کی خدمت کے معاملہ میں ملک میں نمبر ون پوزیشن پر ہے۔ انہوں نے عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ 20 ڈسمبر تک آن لائن درخواستوں کے ادخال کا عمل مکمل کرلیں۔آخری تاریخ تک صبح 10:30 تا 4 بجے شام حج ہاوز میں خصوصی کاؤنٹرس پر درخواستوں کے ادخال کی سہولت مفت رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ 70 سال سے زائد عمر کے عازمین کے ساتھ مددگار کے طور پر ایک شخص کو جانے کی اجازت رہے گی اور ان کا انتخاب بھی قرعہ اندازی کے بغیر ہوگا۔ محمد سلیم نے کہا کہ درخواستوں کے ادخال کیلئے کوئی فیس نہیں ہوگی تاہم قرعہ اندازی میں منتخب ہونے کے بعد فی عازم 300/- روپئے پروسیسنگ فیس کے طور پر داخل کرنے ہوں گے۔ درخواست گذاروں کے پاس انٹر نیشنل پاسپورٹ ہونا ضروری ہے جو 31 جنوری 2025 تک کارکرد ہو۔ حج 2024 کے لئے ایک کور کے تحت پانچ عازمین اور دو شیر خوار بچوں کے درخواست فارم داخل کئے جاسکتے ہیں۔ عازمین کیلئے بینک اکاؤنٹ کا ہونا لازمی ہے اور اگر ایک کور میں پانچ افراد ہوں تو ہیڈ آف کور کا بینک اکاؤنٹ ضروری ہے۔ غیر مقیم ہندوستانی 15 شوال تک اپنے پاسپورٹ جمع کرواسکتے ہیں۔ قرعہ اندازی میں منتخب ہونے کے بعد بطور اڈوانس 81500 روپئے جمع کرنے ہوں گے۔ حج کا سفر 30 تا 40 دن پر مشتمل رہے گا۔