مرکزی وزیر سمرتی ایرانی کو صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم کا مکتوب
حیدرآباد۔/20ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر نشین تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے مرکزی وزیر اقلیتی امور سمرتی ایرانی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے حج 2024 کے شیڈول کی عاجلانہ اجرائی کی اپیل کی تاکہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین حج کیلئے موثر انتظامات کو قطعیت دی جاسکے۔ محمد سلیم نے کہا کہ حج شیڈول کی عاجلانہ اجرائی کی صورت میں عمارتوں کے حصول، ٹرنسپورٹیشن، فارن ایکسچینج اور فضائی سفر کرایہ طئے کرنے کے علاوہ مدینہ منورہ، عرفات اور مزدلفہ میں قیام کے انتظامات بروقت طئے کئے جاسکتے ہیں۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ حج 2023 کے دوران مرکزی حکومت، حج کمیٹی آف انڈیا، ریاستی حج کمیٹیوں اور کونسل جنرل ہندوستان کی جانب سے کامیاب انتظامات کئے گئے۔ حج 2023 کے دوران حج ویزا انڈارسمنٹ کا سسٹم فلائیٹ الاٹمنٹ کی تاریخ کے حساب سے تھا جس کے نتیجہ میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ لمحہ آخر میں سفر کی منسوخی اور امبارگیشن پوائنٹ پر فلائیٹ میں مخلوعہ نشستوں کو پُر کرنے میں دشواری پیش آئی۔ انہوں نے کہا کہ قیام کی بہتر سہولتوں کی فراہمی، معلم کی خدمات، فضائی کرایہ، فارن ایکسچینج اور ٹرانسپورٹ جیسی خدمات متاثر ہوئیں اور حجاج کرام نے حج کمیٹی آف انڈیا و ریاستی حج کمیٹیوں کو ذمہ دار قرار دیا۔ حج ویزا انڈارسمنٹ کو لمحہ آخر میں انجام دینے کے طریقہ کار میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ حجاج کرام کو اپنے سفر کے دوران مشکلات پیش آئیں لہذا حج 2024 کے شیڈول اور انتظامات کا وقت سے پہلے اعلان کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کی جانب سے پاسپورٹ کے حصول، محکمہ جات سے اجازت اور میڈیکل سرٹیفکیٹ جیسی سہولتوںکیلئے حج 2024 کا پروگرام جلد جاری کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کے اداروں نے ابھی سے سعودی عرب میں 2024 کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ عازمین حج کیلئے بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے مرکزی حکومت کو چاہیئے کہ 2024 کے حج شیڈول کو جلد جاری کرے۔