حج درخواست فارم کے ادخال کی تاریخ میں 17 ڈسمبر تک توسیع

   

حیدرآباد۔5 ڈسمبر (سیاست نیوز) حج 2020کیلئے آن لائین درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ میں 17 ڈسمبر تک توسیع کی گئی ہے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا ڈاکٹر مقصود احمد خاں نے اس سلسلہ میں سرکولر جاری کرکے تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو اطلاع دی ہے۔ سرکولر میں کہا گیا کہ مختلف گوشوں سے حج فارم کے ادخال کی تاریخ میں توسیع کیلئے نمائندگی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حج کے خواہش مند افراد جن کے پاس مشین سے پڑھاجانیوالا انٹرنیشنل پاسپورٹ جو 17 ڈسمبر 2019ء سے قبل جاری کردہ اور جس کی مہلت 20 جنوری 2021ء تک ہو فارم داخل کرنے کے اہل ہیں۔ حج کمیٹی کی ویب سائٹ پر آن لائین درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ تلنگانہ حج کمیٹی کو تاحال تقریباً 8502 درخواستیں موصول ہوئیں۔ اسی دوران ڈاکٹر مقصود علی خاں نے جوائنٹ سکریٹری وزارت خارجہ کو مکتوب روانہ کرکے ملک کے تمام ریجنل پاسپورٹ آفیسر کو حج کے خواہشمندوں کیلئے پاسپورٹ کی عاجلانہ اجرائی کی خواہش کی ہے۔ تمام ریجنل پاسپورٹ آفیسرس کو حج درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں توسیع کی اطلاع دی جارہی ہے۔