حج ہاؤز میں خصوصی کاؤنٹرس برقرار ، درخواست گزاروں کے پاسپورٹ کی اجرائی
حیدرآباد۔10۔مارچ (سیاست نیوز) حج 2023 ء کیلئے آن لائین درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں مزید 10 دن کی توسیع کی گئی ہے۔ درخواستوں کے ادخال کی آج آخری تاریخ تھی لیکن مختلف ریاستی حج کمیٹی کی نمائندگی پر حج کمیٹی آف انڈیا نے آن لائین درخواستوں کے ادخال کی مہلت 20 مارچ شام 5 بجے تک توسیع کردی ہے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا محمد یعقوب شیخ نے اس سلسلہ میں سرکولر جاری کیا ہے۔ درخواستوں کے ادخال کا 10 فروری سے آغاز ہوا تھا اور درخواست گزاروں کو ایک ماہ کی مہلت دی گئی تھی۔ سرکولر میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزاروں کے پاس انٹرنیشنل پاسپورٹ کا ہونا ضروری ہے جو 20 مارچ 2023 ء سے قبل جاری کردہ اور اس کی مدت 3 فروری 2024 ء تک ہونی چاہئے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے ویب سائیٹ پر یا پھر حج کمیٹی آف انڈیا کے موبائیل ایپ کے ذریعہ درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ اسی دوران صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم نے تاریخ میں توسیع کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عازمین حج کی سہولت کیلئے حج ہاؤز میں قائم کردہ خصوصی کاؤنٹرس برقرار رہیں گے۔ محمد سلیم کے مطابق ریاستی حج کمیٹی کی مساعی پر 200 سے زیادہ درخواست گزاروں کے پاسپورٹ جاری کئے گئے ۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر ڈی بالیا سے محمد سلیم نے نمائندگی کرتے ہوئے درخواست گزاروں کی فہرست حوالے کی تھی۔ حج 2023 ء کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا نے ریاستوں کے حج کوٹہ کا اعلان نہیں کیا ہے۔ توقع ہے کہ گزشتہ برسوں کے مقابلہ تلنگانہ کیلئے زائد کوٹہ الاٹ کیا جائے گا۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران تلنگانہ سے 7000سے زائد درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ درخواست گزاروں کو کور نمبرس کی اجرائی کا کام جاری ہے۔ر