حج درخواستوں کے ادخال کا آغاز نہیں ہوسکا

   

دہلی کے مین سرور میں خرابی ، صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم کی وضاحت
حیدرآباد۔15۔ فروری (سیاست نیوز) حج 2023 ء کیلئے درخواستوں کے آن لائین ادخال کا 10 فروری سے آغاز ہوا لیکن تکنیکی خرابی کے باعث عازمین حج درخواستیں داخل کرنے سے محروم ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے 10 فروری تا 10 مارچ درخواستوں کے ادخال کی مہلت مقرر کی اور حج کمیٹی کے ویب سائیٹ پر درخواستیں داخل کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے عازمین حج کی سہولت کے لئے حج ہاؤز میں 10 خصوصی کاؤنٹر قائم کئے تھے لیکن حج کمیٹی آف انڈیا کے مین سرور میں خرابی کے باعث درخواستوں کے ادخال سے عازمین محروم رہے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے بتایا کہ دہلی میں مین سرور ڈاؤن ہونے کے سبب عازمین آن لائین درخواستیں داخل نہیں کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس مین سرور حج کمیٹی آف انڈیا کے دفتر ممبئی تھا لیکن اس مرتبہ اسے نئی دہلی منتقل کیا گیا ہے۔ سرور کے ڈاؤن ہونے کی وجوہات کے بارے میں حج کمیٹی آف انڈیا نے کوئی وضاحت نہیں کی۔ بتایا جاتا ہے کہ مین سرور میں خرابی دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور اس کام کی تکمیل کے بعد آن لائین درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوگا۔ جناب محمد سلیم نے درخواست گزاروں سے خواہش کی کہ وہ تلنگانہ حج کمیٹی سے راست رجوع ہونے کے بجائے فون نمبرات 040-23236310 اور 040-23298793 پر ربط قائم کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ حج ہاؤز نامپلی میں قائم کردہ خصوصی کاؤنٹرس برقرار رہیں گے۔ مین سرور کے بحال ہونے کے بعد خصوصی کاؤنٹر سے درخواست گزاروں کیلئے خدمات انجام دی جائیں گی۔ر