حج درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں 10 جنوری تک توسیع

   


سفری اخراجات 3.5 لاکھ ہوں گے، تلنگانہ سے صرف 1600 درخواستیں
حیدرآباد: حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2021 ء کے لئے آن لائین درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں 10 جنوری تک توسیع کردی ہے ۔ اس کے علاوہ حج کے سفری اخراجات میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ ملک کے مختلف امبارگیشن پوائنٹس سے الگ الگ اخراجات طئے کئے گئے ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا ڈاکٹر مقصود احمد خاں نے ریاستی حج کمیٹیوں کو سرکولر جاری کرتے ہوئے آن لائین درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں توسیع کی اطلاع دی ۔ پہلے مرحلہ میں 10 ڈسمبر آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی لیکن ملک کی کسی بھی ریاست سے قابل لحاظ درخواستیں وصول نہیں ہوئیں جس کی بناء پر تاریخ میں توسیع کردی گئی ۔ ایک اور سرکولر کے ذریعہ حج کمیٹی آف انڈیا نے سفری اخراجات کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے ایک اندازہ کے مطابق فی عازم 349381 روپئے کا خرچ آئے گا۔ جاریہ سال امبارگیشن پوائنٹ کی تعداد کو 21 سے گھٹاکر 10 کردیا گیا ہے۔ حیدرآباد سے تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش کے عازمین حج روانہ ہوں گے ، اس کے علاوہ مہاراشٹرا اور کرناٹک کے سرحدی اضلاع کے عازمین کی روانگی حیدرآباد سے عمل میں آئے گی ۔ تلنگانہ میں ابھی تک محض 1600 درخواستیں داخل ہوئی ہیں جبکہ آندھراپردیش میں 625 در خواستیں داخل کی گئیں۔ گزشتہ سال فی عازم 320000 کا خرچ آیا تھا ۔ حج کمیٹی نے حج 2021 ء کے لئے ابتداء میں 3 لاکھ 76 ہزار روپئے اخراجات کا اعلان کیا تھا۔ تاہم عازمین حج نے بے چینی کو دیکھتے ہوئے اخراجات گھٹاکر 3 لاکھ 49 ہزار کئے گئے۔ عازمین حج سے 18 فیصد جی ایس ٹی وصول کی جاتی ہے۔ کورونا وباء کے علاوہ عازمین کی عمر کی حد 65 سال مقرر کرنے اور زائد اخراجات کے سبب درخواست گزاروں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حج کے آغاز تک سفری اخراجات میں مزید اضافہ ہوگا۔ سعودی حکومت نے حج کے سلسلہ میں ہندوستان کے ساتھ ابھی تک معاہدہ کو قطعیت نہیں دی ہے اور نہ ہندوستان کیلئے حج کوٹہ اعلان کیا گیا ۔ غیر یقینی صورتحال کو دیکھتے ہوئے درخواستوں کے ادخال کی مہلت میں اضافہ کردیا گیا ۔ اسی دوران مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی کے مطابق اب تک ملک بھر میں 40,000 درخواستیں داخل کی گئیں جبکہ گزشتہ سال 5 لاکھ سے زائد درخواستیں داخل کی گئی تھیں۔ بغیر محرم کے زمرہ کے تحت 500 درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔ جاریہ سال حج کا صرف ایک زمرہ یعنی عزیزیہ برقرار رہے گا۔ عازمین حج کو سفر سے 72 گھنٹے قبل کورونا ٹسٹ لازمی رہے گا۔ ٹسٹ کے منفی آنے کی صورت میں سفر کی اجازت ہوگی۔