حج سے متعلق سعودی حکومت کا فیصلہ دانشمندانہ و قابل ستائش: مولانا سید ارشد مدنی

,

   

نئی دہلی: خادم حرمین شریفین ملک سلمان بن عبدالعزیز کے ذریعہ حج 2020 کو موقوف نہیں کیا بلکہ عازمین کی تعداد کو مختصر کرنے کے فیصلہ کا مولانا سید ارشد مدنی صدر جمعیۃ علماء ہند نے خیر مقدم کیا ہے او رکہا کہ یہ ایک دانشمندانہ اور قابل ستائش فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے ذہنوں میں مسلسل یہ خدشات پیدا ہورہے تھے کہ عالمی وباء کورونا وائرس کے پیش نظر کہیں اس سال حج موقوف نہ کردیا جائے، لیکن مملکت سعودی کی جانب سے جو فیصلہ کیا گیا ہے اس سے ہمیں خوشی ہوئی ہے کہ اس سال مناسک حج ادا ہوں گے اور سعودی عرب میں مقیم مسلمانوں کو یہ سعادت نصیب ہوگی۔ مولانا سید ارشد مدنی نے کہا کہ اسلام کا یہ پیغام ہے کہ بیماری سے خود بھی محفوظ رہیں اور دوسروں کو بھی اس سے محفوظ رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد مبارک ہے کہ اگر کوئی کسی وباء کے مقام پر ہے تو وہاں سے باہر نہ نکلیں اور دوسرے مقام پر وباء پھیلی ہوئی ہے تو وہاں نہ جائیں۔ مولانا مدنی نے کہا کہ چونکہ کورونا وائرس ایک عالمی وباء کی شکل اختیار کرلیا ہے۔ تاحال اس کاکوئی ٹھوس علاج سامنے نہیں آیا ہے، احتیاطی تدابیر ہی اس کا واحد علاج ہے، ایسے میں سعودی حکومت کا یہ فیصلہ بڑی اہمیت کا حامل ہے اور اس سے بہتر کوئی دوسرا فیصلہ نہیں ہوسکتا تھا۔