حج قافلوں کی 29 اپریل سے روانگی

   

26 اپریل سے حج کیمپ کا آغاز،خسرو پاشاہ کی صدارت میں اجلاس
حیدرآباد۔/16 اپریل، ( سیاست نیوز) حج 2025 کیلئے تلنگانہ عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کا 29 اپریل سے آغاز ہوگا اور 26 اپریل سے حج ہاوز نامپلی میں حج کیمپ شروع ہوگا۔ پہلے قافلہ کے عازمین کو 26 اپریل کو حج ہاوز میں رپورٹ کرنا ہوگا۔ تلنگانہ حج کمیٹی کا اجلاس آج صدرنشین مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان، رکن اسمبلی جعفر حسین معراج، صدرنشین وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی، محمد مجیب الدین، محمد لئیق، الیاس احمد حامد قاسمی، محمد شرف الدین، محترمہ خواجہ ثناء، ڈاکٹر سید اظہر علی کے علاوہ ایگزیکیٹو آفیسر سجاد علی اور اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف نے شرکت کی۔ اجلاس میں حج 2025 کیمپ کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور موثر انتظامات کیلئے سب کمیٹیاں قائم کی گئیں۔ عازمین حج کو کیمپ اور ایرپورٹ پر بہتر سہولتوں کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صدرنشین مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے بتایا کہ حج قافلوں کی روانگی 29 اپریل تا 29 مئی عمل میں آئے گی۔ 26 اپریل سے حج ہاوز نامپلی میں کیمپ کا آغاز ہوگا اور پہلے قافلہ کے عازمین رپورٹ کریں گے۔ تلنگانہ حج کمیٹی سے جملہ 6872 عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی جبکہ دیگر ریاستوں اور سابق ریاست حیدرآباد کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے عازمین کے بشمول جملہ 12000 عازمین حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال سعودی حکومت نے 12 سال سے کم عمر کے بچوں کے حج پر پابندی عائد کردی ہے اور ملک بھر میں بچوں کی حج درخواستوں کو منسوخ کردیا گیا ہے۔1
انہوں نے کہا کہ جاریہ سال عازمین فلائیٹ اور رہائشی بلڈنگ تبدیل نہیں کرپائیں گے۔ اگر کوئی عازمین حج فلائیٹ تبدیل کرنا چاہیں تو انہیں خالی نشست کا کرایہ ادا کرنا ہوگا۔ مولانا خسرو پاشاہ نے کہا کہ سعودی عرب میں عازمین حج کی بہتر خدمت کیلئے حج انسپکٹرس ( خادم الحجاج ) کو ٹریننگ دی گئی ہے۔ اس مرتبہ ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی سعودی عرب میں قیام کرتے ہوئے انتظامات کی نگرانی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ برسوں کی طرح حج کیمپ اور ایرپورٹ پر عازمین کیلئے موثر انتظامات کو قطعیت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کو پیدل چلنے کی تربیت کے پروگرام منعقد کئے گئے کیونکہ سعودی عرب میں عازمین کو 5 تا 8 کلو میٹر چلنا پڑسکتا ہے اور دھوپ کی شدت بھی رہے گی۔ صدرنشین حج کمیٹی نے کہا کہ ٹیکہ اندازی کیلئے حیدرآباد میں 7 مراکز قائم کئے گئے ہیں جبکہ اضلاع میں حج سوسائٹیوں کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔ صدرنشین حج کمیٹی نے عازمین حج کو یقین دلایا کہ حج کیمپ میں بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ مناسک حج کی ادائیگی میں کوئی دشواری نہ رہے۔1