حج میں پہلی بار آگ بجھانے والے ڈرون ’’فالکن‘‘ کا استعمال

,

   

مصنوعی ذہانت کے ڈرون میں مسلسل 12 گھنٹے پرواز کی صلاحیت

ریاض، 2 جون (ایس پی اے) ۔سعودی شہری دفاع کے جنرل ڈائریکٹوریٹ نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال حج کے دوران پہلی بار “فالکن” نامی جدید آگ بجھانے اور امدادی ڈرون کا استعمال کیا جائے گا۔ یہ ڈرون مصنوعی ذہانت (م ذ) سے لیس ہے اور دشوارگزار یا بلند مقامات پر فائر فائٹنگ اور ریسکیو مشنزکے لیے خصوصی طور پر تیار کیا گیا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، فالکن ڈرون 12 گھنٹے تک بلندی پر مسلسل پروازکی صلاحیت رکھتا ہے اور تقریباً 40 کلوگرام وزنی سامان اٹھا سکتا ہے۔ اس میں کثیرالمقاصد فائر فائٹنگ سسٹم کے ساتھ ساتھ ریسکیو، کنٹرول اور سیفٹی سسٹمز مربوط ہیں۔ ڈرون میں تھرمل کیمرے نصب ہیں اور یہ جائے وقوعہ سے براہِ راست ویڈیو کمانڈ اینڈکنٹرول سینٹر کو نشر کر سکتا ہے، جس سے ہنگامی فیصلے فوری اور مؤثر انداز میں کیے جا سکتے ہیں۔ فالکن ڈرون کی اہم خصوصیات میں تیزی سے ردعمل، انسانی جانوں کے خطرے میں کمی اورحقیقی وقت میں حالات کی نگرانی شامل ہے۔ یہ ڈرون بلند عمارتوں، صنعتی علاقوں، خطرناک مواد والی جگہوں، ہجوم والے مقامات اور جنگلاتی آگ جیسے حالات میں مؤثر ہے۔ سعودی شہری دفاع کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل حمود بن سلیمان الفرج نے یہ اعلان حج سیکیورٹی فورسز کے کمانڈرز کی پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حج کے دوران حاجیوں کی رہائش گاہوں کا پیشگی معائنہ، سیکیورٹی گشت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مشترکہ مشقیں بھی انجام دی جا رہی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے بہتر طور پر نمٹا جا سکے۔ دوسری جانب پبلک سیکیورٹی کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل محمد بن عبداللہ البسامی نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ میں بغیر اجازت داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 2,69,678 افراد کو روکا گیا۔