حج کی ادائیگی میں کوتاہی و غفلت پر سخت وعید

   

ناگر کرنول میں عازمین کے تربیتی اجتماع سے مولانا خواجہ فیض الدین اور دیگر کا خطاب
ناگرکرنول۔ ہر صاحب استطاعت مسلمان پر عمر میں ایک مرتبہ حج فرض ہے۔حج کی ادائیگی میں کوتاہی و غفلت پر وعید آئی ہے۔ان خیالات کا اظہار مولانا حافظ خواجہ فیض الدین نقشبندی نے کیا۔ ضلع حج سوسائٹی ناگرکرنول کے زیرِ اہتمام صدر سوسائٹی الحاج شیخ فرید احمد فرید کی صدارت میں مستقر ناگرکرنول میں منعقدہ پہلا ضلعی سطح کے عازمینِ حج کے تربیتی اجتماع سے بحیثیتِ مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے اجتماع کے پہلی نشست میں مولا فیض الدین نے مناسک حج و عمرہ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔انہوں نے دوران حج قیام حرمین شریفین فسق و فجور سے اجتناب کرنے، کثرتِ طواف کی تلقین کرتے ہوئے ایام حج میں عرفات، مزدلفہ، منیٰ کے خصوصی مناسک سے متعلق عازمینِ حج کو واقف کروایا۔ دوپہر کی دوسری نشست میں دربار رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں حاضری کے آداب پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے دوران قیام مدینہ منورہ آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وسلم پر کثرت سے درود شریف پڑھنے اور قرآن پاک کی تلاوت کرنے کی تاکید کرتے ہوئے روضۃ النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری کے آداب بتائے۔حافظ محمد محبوب علی جوائنٹ سیکرٹری ضلع حج سوسائٹی کے تلاوت قرآن کریم سے اجتماع کا آغاز ہوا جبکہ جناب الحاج محمد صادق پاشاہ نقشبندی القادری سجادہ نشین درگاہ حضرت محمد مولانا شاہ قبلہ نے بارگاہ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں نعت نبی کا نذرانہ پیش کیا۔ ابتداء میں صدر سوسائٹی جناب الحاج شیخ فرید احمد فرید نے اپنے خطب استقبالیہ میں ضلع حج سوسائٹی کے خدمات پر روشنی ڈالی اور عازمینِ حج کی رہنمائی پر مشتمل ہدایات پیش کیں۔اس موقع پر رکن اسمبلی ناگرکرنول مسٹر مری جناردھن ریڈی کی جانب سے عیدگاہ، حج ہاؤز اوٹ مسلم شادی خانے کے لئے ناگرکرنول کے نواح میں نیلی کنڈہ روڈ کے روبرو 3 ایکر 13 گنٹہ اراضی فراہم کرنے پر ضلع حج سوسائٹی ناگرکرنول کی جانب سے اجتماع میں اظہار تشکر پیش کیاگیا۔ اجتماع میں معتمد سوسائٹی جناب الحاج محمد ابراہیم نقشبندی،نائب صدور مولانا محمد عبد الحق نظامی نقشبندی،مولانا محمد عبدالوکیل حسامی، شریک معتمد جناب الحاج شیخ عبدالشکور،مشیر جناب الحاج محمد مبین احمد خان، پبلسٹی سیکریٹری جناب الحاج شیخ محمد نور الحق جواد، خازن جناب الحاج شیخ مولا پیراں، ارکان سوسائٹی جناب الحاج سید عظیم الدین، جناب الحاج سید طاہر الدین، جناب الحاج محمد نعیم الدین خان، جناب الحاج محمد امیر احمد عرف پاشاہ بھائی،جناب الحاج محمد اعجاز احمد نقشبندی و دیگر نے حصہ لیا۔