حیدرآباد۔3 ۔ جولائی (سیاست نیوز) حج 2019 ء کے انتظامات کے سلسلہ میں تین ٹنڈرس کو آج منظوری دے دی گئی۔ حکومت کی جانب سے قائم کردہ ٹنڈر کمیٹی کی موجودگی میں آج ٹنڈرس کی کشادگی عمل میں آئی۔ صدر نشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں کے علاوہ ٹنڈر کمیٹی کے کنوینر بی شفیع اللہ آئی ایف ایس ، چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ عبدالحمید ، نائب صدر نشین و مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن مسز کرانتی ویسلی اور جوائنٹ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود بالا سبرامنیم نے ٹنڈرس کا جائزہ لینے اور ٹنڈر گزاروں سے مشاورت کے بعد کاموں کی منظوری دی ہے۔ سپلائینگ کمپنی کیلئے مسرس حیدرآباد سپلائینگ کمپنی کو چار لاکھ روپئے میں ٹنڈر منظور کیا گیا۔ دیگر ٹنڈر گزاروں نے 90 لاکھ اور ایک کروڑ سے زائد کی رقم ٹنڈر میں درج کی تھی ، لہذا کمیٹی نے کم رقم کے ٹنڈر کو منظوری دے دی ہے۔ سپلائینگ کمپنی کے تحت حج ہاؤز کی کھلی اراضی میں واٹر پروف ٹینٹ نصب کیا جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ سپلائینگ کمپنی سے دیگر تمام سامان سربراہ کئے جاتے ہیں۔ عازمین حج کو طعام کیلئے مسرس مصطفیٰ کیٹرنگ کو فی عازم فی یوم 290 روپئے میں ٹنڈر الاٹ کیا گیا ۔ کمپنی نے 370 روپئے درج کئے تھے۔ ٹنڈر کے تحت عازمین حج کو تین وقت کا کھانا فراہم کیا جائے گا جس میں ویجیٹرین اور نان ویجیٹرین غذائیں شامل رہیں گی۔ مینٹیننس اور ہاؤز کیپنگ کا ٹنڈر مسرس اے ایم ایس انٹرپرائزس کو 4 لاکھ 55 ہزار روپئے میں الاٹ کیا گیا۔ کمپنی نے 5 لاکھ 45 ہزار روپئے کا ٹنڈر داخل کیا تھا ۔ اسی دوران حج کیمپ کے لئے مختلف محکمہ جات کا جائزہ اجلاس 8 جولائی کو حج ہاؤز میں منعقد ہوگا۔
