حج ہاؤز کے روبرو کانگریس کے اقلیتی قائدین کا احتجاج

   

عازمین حج سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، پولیس سے بحث و تکرار
حیدرآباد 23 جون (سیاست نیوز) کانگریس کے اقلیتی قائدین کو پولیس نے حج ہاؤز میں داخلہ سے روک دیا جس کے نتیجہ میں پولیس اور کانگریس قائدین کے درمیان بحث و تکرار ہوئی۔ صدر ضلع کانگریس کمیٹی حیدرآباد سمیر ولی اللہ کی قیادت میں اقلیتی قائدین سید نظام الدین، محمد راشد خان، عثمان محمد خان، ایس کے افضل الدین ، سید واجد حسین، ارشد شیخ،عظمیٰ شاکر، سید مجتبیٰ اور دوسرے عازمین کو وداع کرنے کے لئے حج ہاؤز پہونچے۔ وہ پارٹی کے سینئر لیڈر محمد علی شبیر کی آمد کا انتظار کررہے تھے لیکن پولیس نے اُنھیں مکان پر محروس کردیا تھا۔ کانگریس کی جانب سے کسی احتجاج کو روکنے کے لئے پولیس نے اقلیتی قائدین کو حج ہاؤز سے باہر جانے کی ہدایت دی جس پر پولیس کے ساتھ قائدین کی بحث و تکرار ہوئی۔ صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے اقلیتی قائدین حج ہاؤز کے باہر چلے گئے اور پولیس کے رویہ پر احتجاج کیا۔ اُنھوں نے کہنا تھاکہ عازمین حج کی روانگی کے موقع پر کسی بدمزگی کو روکنے کے لئے وہ احتجاج سے گریز کررہے ہیں۔ کانگریس کے اقلیتی قائدین کافی دیر تک حج ہاؤز کے باہر رہے اور عازمین حج کی بسوں کو باہر ہی سے وداع کیا۔ اِس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سمیر ولی اللہ اور راشد خان نے کے سی آر حکومت پر الزام عائد کیاکہ وہ عازمین حج کی روانگی کو صرف ٹی آر ایس اور اپنی حلیف جماعت مجلس تک محدود کرچکی ہے۔ کانگریس کو حج ہاؤز میں عازمین سے ملاقات کا موقع نہ دینا بدبختانہ ہے۔ ہر سال کانگریس کی جانب سے عازمین کو وداع کیا جاتا ہے۔ کانگریس کے اقلیتی قائدین نے الزام عائد کیاکہ چیف منسٹر کے سی آر کو اقلیتوں کی بھلائی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے اور گزشتہ کئی برسوں سے کے سی آر حج ہاؤز نہیں پہونچے۔ ر