حج ہائوز میں کورونا سے بچائو کیلئے دفاتر کی صفائی کا آغاز

   

وزیٹرس کے داخلے پر پابندی، حکومت کو صورتحال سے واقف کرایا گیا
حیدرآباد۔ 18 جون (سیاست نیوز) وقف بورڈ کے ایک ملازم میں کورونا پازیٹیو پائے جانے کے بعد تمام شعبہ جات کو سانیٹائز کرنے کے کام کا آغاز ہوا ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وقف بورڈ کے تمام شعبہ جات کو سانیٹائز کریں اور ہر ملازم کے لیے ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلے کی برقراری کو یقینی بنایا جائے۔ وقف بورڈ کی جانب سے 2 ہزار ماسکس اور بھاری مقدار میں سانیٹائزر حاصل کیا گیا ہے تاکہ ہر ملازم ہر سیکشن میں استعمال کیا جاسکے۔ واضح رہے کہ وقف بورڈ کے ایک اٹینڈر میں کورونا پازیٹیو کی علامات پائی گئیں اور ایک ریٹائرڈ ایگزیکٹیو آفیسر کا علالت کے باعث کل انتقال ہوا۔ حج ہائوز میں کورونا کیس منظر عام پر آنے کے بعد عمارت میں موجود دیگر اقلیتی بہبود کے دفاتر میں چوکسی اختیار کرلی گئی ہے۔ ہر ادارے نے اپنے طور پر سانیٹائزیشن کا کام شروع کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کورونا کے خوف سے آج کئی ملازمین اپنی حاضری درج کرنے کے بعد مکانات کو واپس ہوگئے۔ حج ہائوز کی عمارت میں وزیٹرس کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔ عمارت کی مکمل صفائی کے بعد ہی وزیٹرس کو داخلے کی اجازت رہے گی۔ سیکنڈ فلور پر اسٹابلشمنٹ سیکشن کو سیل کردیا گیا ہے۔ اسی دوران چیف ایگزیکٹیو آفیسر عبدالحمید نے سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم کو حج ہائوز میں کورونا کیس اور احتیاطی اقدامات کی تفصیلات کے ساتھ رپورٹ روانہ کی ہے۔ محمد سلیم نے چیف منسٹر کے سکریٹری بھوپال ریڈی اور سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم کو فون پر صورتحال سے واقف کرایا۔ عہدیداروں نے مکمل طور پر سانیٹائزیشن اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔