حیدرآباد : حج ہاؤز میں آج کشیدگی پیدا ہوگئی جب داماد نے خسر پر حملہ کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق نظام آباد کے بودھن سے تعلق رکھنے والے 60 سالہ ارشد پاشاہ جو ٹی آر ایس کارکن ہیں آج شہر پہنچ کر حافظ بابا نگر میں جنازہ میں شرکت کے بعد جمعہ کی نماز کی ادائیگی کیلئے حج ہاؤز پہنچے تھے ۔ نماز کے دوران سید خالق محی الدین نے جو ارشد پاشاہ کا داماد ہے خسر پر اچانک حملہ کردیا ۔ اس واقعہ میں ارشد شدید زخمی ہوگئے ۔ حج ہاؤز سکیورٹی عملہ اور مصلیوں نے خالق کو پکڑ لیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ خالق کے خلاف جہیز کی ہراسانی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا اور 10 سال سے یہ تنازعہ چل رہا ہے ۔ حملے کے بعد حج ہاؤز میں کشیدگی پھیل گئی اور پولیس وہاں طلب کرلیا گیا ۔ انسپکٹر عابڈس سی انجیا نے بتایا کہ رنجش کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا ہے اور خالق کے خلاف تعزیرات ہند کے دفعہ 324 کے تحت مقدمہ درج کرکے اسے حراست میں لے لیا گیا ہے ۔