حیدرآباد : /6 فبروری (سیاست نیوز) گرلز اسلامک آرگنائزیشن (جی آئی او) کی جانب سے کرناٹک کے تعلیمی اداروںمیں حجاب پر پابندی کے خلاف خاموش احتجاج کیا گیا ۔ گولکنڈہ سات گنبد کے پاس جی آئی او اور دیگر خواتین کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاج کیا گیا ۔ خواتین اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈس تھامے ہوئے تھے جن پر حجاب پر پابندی کے خلاف احتجاج کے علاوہ اس کو دستور میں دیئے گئے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کے مترادف قرار دیا گیا ۔ خواتین نے پلے کارڈز پر لکھا تھا کہ حجاب میرا حق ہے ۔ احتجاجی خواتین نے کرناٹک حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک کا خاتمہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ریاست کے خواتین اپنے حقوق کا استعمال کرسکیں جو انہیں دستور ہند کے تحت دیئے گئے ہیں ۔ احتجاجی خواتین نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ کورونا وباء کے دوران طلباء کی تعلیم بری طرح سے متاثر ہوئی ہے ۔ خاص طور پر لڑکیوں کو اس دوران آزمائش گزرنا پڑا ہے ۔ خواتین نے کہا کہ لباس کا انتخاب کرنے کا انہیں حق حاصل ہے ۔ اس پر پابندی کے خلاف انہوں نے خاموشی سے احتجاج کیا اور حکومت کے اس اقدام کی مذمت کی ۔ خواتین نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے کورونا وبا کے بعد کھلتے ہی حجاب پر پابندی قابل مذمت ہے ۔