حیدرآباد 12 فروری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ مہیلا کانگریس کی جانب سے حجاب میرا بنیادی حق کے نام پر گاندھی بھون میں اجلاس کا اہتمام کیا ۔ صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ نے صدارت کی ۔ اجلاس میں تلنگانہ پردیش کانگریس ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ سینئیر نائب صدر ملو روی کے علاوہ ادنکی دیاکر ، بیلایا نائیک ، ایس کے افضل الدین ودیگر موجود تھے ۔ سنیتا راؤ نے کہا کہ ہر مذہب کی خواتین اپنے اپنے مذہب کی روایتی لباس زیب تن کرتی ہیں ۔ مسلم لڑکیاں اور خواتین برقعہ اور حجاب پہنتی ہیں ۔ مگر کرناٹک میں فرقہ پرست طاقتیں تعلیمی اداروں کو سیاسی مراکز میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں جو قابل مذمت ہے ۔ دستور نے سماج کے تمام مذاہب اور طبقات کو اپنے مذہب پر عمل کا اختیار دیا مگر دوسری فرقہ پرست طاقتیں حجاب پر تنازعہ کھڑا کرتے ہوئے مسلم لڑکیوں کو تعلیم سے محروم کرنے کی کوشش کررہی ہیں ۔