حراست میں موت قتل کے مترادف ہے :اکھلیش یادو

   

لکھنؤ، 2 ستمبر (یواین آئی ) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اکھلیش یادو نے ہردوئی ضلع میں پولیس حراست میں ایک نوجوان کی موت کے حوالے سے یوگی حکومت پر تنقید کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حراست میں موت قتل کے مترادف ہے ۔ اس میں ملوث افراد کو سخت ترین سزا ملنی چاہیے ۔ درحقیقت دو دن قبل ہردوئی ضلع کے شاہ آباد تھانے میں پولیس حراست میں ایک نوجوان کی موت ہو گئی تھی۔ پولیس کے مطابق شاہ آباد پولیس نے روی راجپوت (20) کو ایک نابالغ لڑکی کو ورغلانے اور اغوا کرنے کے الزام میں حراست میں لیا تھا۔ اتوار کو اس نے تھانے کے احاطے میں واقع بیت الخلا میں پھانسی لگا لی۔ اس کے بعد اسے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر شاہ آباد لے جایا گیا جہاں ڈاکٹر نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) نیرج جادون نے کہا کہ واقعہ کی جانچ کی جارہی ہے ۔ منگل کو ایس پی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے اس معاملے کو لے کر ایکس پر پوسٹ کیا اور کہا کہ حراست میں اموات کا ریکارڈ قائم کرنے والی یوپی کی حکومت اور انتظامیہ کس حد تک بے حس ہے ۔ اس کی ایک نئی مثال اب ہردوئی سے سامنے آئی ہے ۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ حراست میں موت دراصل ‘قتل’ کے مترادف ہے ۔ اس میں ملوث تمام افراد کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے ۔ غور طلب ہے کہ ووٹ چوری کے الزامات سامنے آنے کے بعد ایس پی سربراہ اکھلیش یادونے بی جے پی حکومت اور الیکشن کمیشن کے خلاف محاذ کھول رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں بدعنوانی اپنے عروج پر ہے ۔ ہر محکمے ، ہر کام میں کرپشن ہو رہی ہے ۔ ریاست میں غیر قانونی پلاٹوں کا کاروبار زوروں پر ہے ۔ بی جے پی کے لوگ غریبوں کی زمینوں، تالابوں اور دیگر سرکاری زمینوں پر ناجائز قبضہ کر رہے ہیں۔
بی جے پی ایک لینڈ مافیا پارٹی بن چکی ہے ۔ ریاست میں لاء اینڈ آرڈر تباہ ہوچکا ہے ۔ امن و امان پر زیرو ٹالرنس کا دعویٰ زیرو ہو گیا ہے ۔ بی جے پی اور ان کے اتحادی امن و امان کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔ عوام کے ساتھ ناانصافی کر رہے ہیں۔ بی جے پی حکومت میں کسی کو انصاف نہیں مل رہا ہے ۔ لوگ ناانصافیوں اور مظالم سے پریشان ہیں۔