حرم شریف جیسا سکون کہیں اور محسوس نہیں ہوتا: منور فاروقی

   

ممبئی ، 7 مارچ (ایجنسیز) مشہور کامیڈین منور فاروقی نے کہا ہے کہ دنیا میں بہت سی جگہیں دیکھی جاسکتی ہیں، مگر مسجد الحرام جیسا سکون کہیں اور محسوس نہیں ہوتا۔ فاروقی نے اپنے روحانی تجربات اور ذاتی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خیالات کا اظہار کیا۔ فاروقی نے حال ہی میں رمضان شو میں شرکت کی، جس کی میزبانی سابق اداکارہ ثنا خان اور ان کے شوہر مفتی انس کر رہے ہیں۔ پروگرام کے دوران انہوں نے اپنی زندگی، روحانیت اور خاندانی معاملات کے بارے میں کھل کر بات کی۔ کامیڈین منور نے کہا کہ موجودہ دور میں زندگی کی رفتار پہلے کے مقابلے میں بہت تیز ہو گئی ہے اور یہی تیزی انہیں اکثر بے چین بھی کردیتی ہے۔ انہوں نے عمرہ کے سفر کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی اہلیہ کو اس حوالہ سے کافی معلومات تھیں کیونکہ وہ پہلے بھی عمرہ ادا کر چکی ہیں۔ منور نے بتایا کہ جب وہ عمرے کیلئے گئے تو انہیں معلوم تھا کہ چند دن بعد واپس لوٹنا ہے، لیکن وہاں کی روحانیت اور ماحول ایسا تھا کہ دل واپس آنے کو نہیں چاہ رہا تھا۔ ان کے بقول حرم شریف کی ایک خاص تاثیر ہے جو انسان کو اپنے پاس روک لینے کا احساس دلاتی ہے۔ منور فاروقی نے کہا کہ اگر کسی کے بارے میں واقعی فکر ہو تو اسے ٹوکنے کے بجائے اس کیلئے دعا کرنا زیادہ بہتر ہے۔ انسان مشکل میں سب سے پہلے اللہ کو ہی پکارتا ہے، چاہے سائنس کتنی ہی ترقی کیوں نہ کر جائے، پریشانی کے وقت زبان سے ’یا اللہ‘ ہی نکلتا ہے نہ کہ ’یا ڈاکٹر‘۔ دینی نقطہ نظر سے اصل کامیابی یہی ہے کہ لوگ آپ کیلئے دل سے دعا کریں اور آپ کو نیک تمناؤں کے ساتھ یاد رکھیں۔