ریاض: حرمین شریفین کی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ زائرین کو یومیہ لاکھوں لیٹر زمزم فراہم کیا جارہاہے۔ انتظامیہ نے بیان میں کہا کہ مسجد نبوی میں موجود زائرین کو یومیہ 14 ہزار آب زم زم کے کولر اور ایک لاکھ 60 ہزار آب زم زم کی بوتلیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ کوشش ہے کہ زائرین جہاں بھی ہوں انہیں کسی زحمت کے بغیر افطار کے وقت سے سحری تک آب زم زم وافر مقدار میں مہیا رہے۔زائرین کے لیے مسجد نبوی کے صحنوں میں آب زم زم کی 1200سبیلیں بھی لگائی گئی ہیں۔ادھر مسجد الحرام میں زائرین کو روزانہ 5لاکھ لیٹر آب زم زم افطار کے لیے فراہم کیا جا رہا ہے۔ مسجد الحرام کے صحنوں اور نماز کے مقامات پر 13 ہزار زم زم کے کولر رکھے گئے ہیں جن میں سے ہر ایک میں 40لٹر پانی ہوتا ہے۔دوسری جانب مسجد نبوی کی انتظامیہ کے مطابق روضہ رسول پر حاضری کے لیے روزانہ 16 ہزار 980 اجازت نامے جاری کیے جارہے ہیں۔ توکلنا اور اعتمرنا ایپ کے ذریعہ زائرین کو اجازت نامہ دیا جاتا ہے اور یہ سلسلہ رمضان بھر جاری رہے گا۔