حزب اللہ کا لبنان سے اسرائیل کے انخلاء کا مطالبہ

   

بیروت، 26 اگست (یو این آئی) حزب اللہ کے رہنما شیخ نعیم قاسم نے لبنانی مسلح گروپ کو غیر مسلح کرنے کے مطالبات کو مسترد کر دیا ہے ، انہوں نے کہا ہے کہ اس کے ہتھیار لبنان کی خودمختاری اور دفاع کیلئے ضروری ہیں۔قاسم نے پیر کے روز المنار ٹی وی سے نشر ہونے والی ایک تقریر میں کہا کہ ‘‘ہم ان ہتھیاروں کو ترک نہیں کریں گے ، جو ہماری حفاظت کرتے ہیں،ہماری زمین اور عزت کا دفاع کرتے ہیں، ہم انہیں نہیں چھوڑیں گے ۔ جو لوگ ہم سے یہ ہتھیار چھیننا چاہتے ہیں، وہ ہماری روحیں قبض کرنا چاہتے ہیں، ایسا کبھی نہیں ہو گا’’۔
لبنانی حکومت کی جانب سے حزب اللہ کے تخفیف اسلحہ کے حالیہ مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے قاسم نے اسے امریکی اور اسرائیلی حکم نامے کے تحت کیا گیا ایک ناجائز فیصلہ قرار دیا ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حزب اللہ کو غیر مسلح کرنا صرف اسرائیل کے مفادات کو پورا کرے گا اور حالیہ تنازعات میں مارے گئے ہزاروں جنگجوؤں اور شہریوں کی قربانیوں سے غداری ہو گی۔ قاسم نے اس بات پر زور دیا کہ لبنان کے مسائل امریکی حمایت یافتہ اسرائیلی حملے اور قبضے سے پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے بحران کے حل کیلئے پہلا قدم اسرائیلی جارحیت کا مکمل خاتمہ ہے ، مقبوضہ لبنانی سرزمین سے اسرائیل کا انخلاء، قیدیوں کی رہائی اور تعمیر نو کے ذریعے قومی خود مختاری کی بحالی ہے ۔