حسن آباد۔/16جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سدی پیٹ کے حسن آباد منڈل کی جنرل باڈی کا سہ ماہی اجلاس دفتر منڈل پریشد میں صدر مالوت مائسا سبھاش نائک کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں منڈل پریشد کے ارکان و تمام مواضعات کے سرپنچوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں مقامی رکن اسمبلی وی ستیش کمار ضلع پریشد آر راجا ریڈی صدر مارکٹ کمیٹی اے تروپتی ریڈی تحصیلدار جناب سید خواجہ عبدالرحمن نے شرکت کرتے ہوئے حسن آباد منڈل میں گزشتہ تین ماہ کے دورن کئے گئے مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیکر آئندہ تین ماہ کے دوران انجام دیئے جانے والے کاموں کی نشاندہی کی۔ انچارج منڈل آفیسر ستیہ نارائنہ نے اجلاس کیلئے پہلے سے طئے شدہ ایجنڈے کے مطابق کارروائی چلائی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کرتے ہوئے حسن آباد منڈل سے ملحقہ تمام مواضعات میں مقامی شراب کی چلر فروشی کی دکانات بیلٹ شاپس کو مکمل طور پر برخواست کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مشن بھگیرتا کی ڈپٹی ایکزیکیٹو انجینئر روحینہ تسکین نے اپنے محکمہ کی کارکردگی کو پیش کیا۔ رکن اسمبلی وی ستیش کمار نے اپنے خطاب میں حسن آباد منڈل کے تمام مواضعات کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کرنے اور ترجیحی بنیادوں پر رقومات مختص کرنے کا اعلان کیا۔