حصول ملازمت کیلئے دلچسپی کے ساتھ تیاری کریں

   

نظام آباد میں امیدواروں کے اسناد کی جانچ، کلکٹر اور پولیس کمشنر کا خطاب

نظام آباد ۔پولیس کمشنر مسٹر کے آر ناگاراجو نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے 1095 امیدواروں کا فری کوچنگ کیلئے انتخاب عمل میں لایا گیا تھا اور تمام امیدواروں کو آج پولیس پریڈ گراؤنڈ پر طلب کیا گیا تھا۔ ان امیدواروں کے سرٹیفکیٹس ضلع کلکٹر نارائن ریڈی ، پولیس کمشنر ناگاراجو کی نگرانی میں اسنادات کی جانچ پڑتال اور ان کے قد کی جانچ پڑتال کی گئی ۔ ضلع کلکٹر نارائن ریڈی نے اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے عنقریب اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لانے کے امکانات ہیں۔ اس سے قبل ہی تمام انتظامات کو مکمل کیا گیا ہے اور نظام آباد ضلع کے نوجوانوں کو اس سے استفادہ کرنے اور ملازمتیں حاصل کرنے کی ہدایت دی ۔ ضلع کلکٹر مسٹر نارائن ریڈی نے بتایا کہ محکمہ پولیس میں کانسٹبل سے لے کر سب انسپکٹر تک کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں اور ان جائیدادوں کے ساتھ ساتھ گروپ امتحانات میں بھی اور ڈی ایس سی کیلئے بھی تیاری کی جاسکتی ہے ۔ ملازمتوں کے حصول کیلئے مفت کوچنگ دی جارہی ہے ۔ ضلع میں ایس سی کے 300 ، ایس ٹی کیلئے 200 ، اقلیت کے 200 امیدواروں کو مفت تربیت دی جارہی ہے۔ حکومت کی جانب سے دئیے جانے والے اسٹڈی مٹریل سے استفادہ کرنے کی خواہش کی ۔ ضلع کلکٹر نارائن ریڈی نے کہا کہ اندرون 6 ماہ 80 ہزار جائیدادوں کے نوٹیفکیشن جاری کئے جائیں گے لہذا نوجوان دلچسپی کے ساتھ تیاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص اپنی قابلیت کی بنیاد پر آگے بڑھے ۔ ملازمتوں کے حصول کیلئے دیہی سطح سے تعلق رکھنے والی لڑکیاں بھی آگے بڑھ رہی ہیں اور یہ تمام مسائل کا سامنا کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں اور ہر شخص کو ملازمت کی دلچسپی ہے ۔ ضلع کلکٹر نارائن ریڈی نے کہا کہ ضلع بھر میں تقریباً2000 افراد کو مفت کوچنگ دی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ ارکان اسمبلی بھی تربیت دینے کیلئے آگے بڑھ رہے ہیں اس سے استفادہ کرنے کی اور ہر روز 14تا 16 گھنٹے پڑھنے کی خواہش کی ۔ پولیس کمشنر ناگاراجو نے اپنی تقریر میں کہا کہ باسر زون میں ایک ہزار جائیدادیں نکلنے کے امکانات ہیں اور اس میں 500 تک نظام آباد سے نکلنے کے امکانات ہیں۔ مفت کوچنگ سے فائد ہ حاصل کرنے ڈی جی پی تلنگانہ ، ضلع کلکٹر اور وزیر عمارات و شوارع کی جانب سے اسٹڈی میٹریل فراہم کرنے کے علاوہ فزیکل ڈائریکٹر کے ذریعہ کوچنگ بھی دی جارہی ہے امیدواروں کے قد لازمی ہے لہذا جن کا قد کم ہے ایسے افراد مایوس نہ ہوں دوسری ملازمتوں کیلئے کوشش کریں ۔ اس موقع پر اڈیشنل ڈی سی پی لاء اینڈ آر ڈر ڈاکٹر ونیت ، اڈیشل ڈی سی پی اڈمین اوشا وشواناتھ ، ایڈیشنل ڈی سی پی آپریشن نریندر ریڈی کے علاوہ اے سی پی وینکٹیشورلو و دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔