گلبرگہ۔ 26 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حضرت حافظ سید علی الحسینی سجادہ نشین درگاہ بندہ نوازؒ و چانسلر خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی اور صدر نشین کرناٹک اسٹیٹ وقف بورڈکو دو دن قبل شری شرن بسویشور یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈاکٹریٹ سے نوازا گیا ۔اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے حافظ سید محمد علی الحسینی نے کہا کہ کسی بھی شخص کو عزت اور پہچان اس کی کامیابیوں اور سماجی خدمات کے ذریعہ حاصل ہوتی ہے۔ ابھی بہت کچھ حاصل کرنا باقی ہے اور یہ اعزازی ڈاکٹریٹ انہیں مزید بہتر خدمات انجام دینے کی ترغیب دے گی۔ وہچہارشنبہ کے روز شہر میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران شرن بسوا یونیورسٹی کی جانب سے عطا کیے گئے سال2025کی اعزازی ڈاکٹریٹ کو قبول کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ ناگزیر وجوہات کی بنا پر سجادہ نشین اس سے قبل شرن بسوا یونیورسٹی کے کانووکیشن میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری وصول نہیں کر پائے تھے، اسی لئے بدھ کی دوپہر بڑی دیوڑھی میں خصوصی طور پر ڈگری تفویض کی گئی۔
