دشمنوں کو معاف کرنے کی صفت ، جشن مولائے کائنات سے علماء کا خطاب
حیدرآباد /18 مارچ ( راست ) جامعتہ المومنات مغل پورہ میں جشن مولائے کائنات حضرت سیدنا علی مرتضیؓ پر خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد مظفر حسین خان بندہ نوازی بانی میلاد جلوش کمیٹی نے کہا کہ حضرت علی کرم اللہ وجہ نہایت نرم دل اور متواضع تھے ۔ اس کے باوجود آپ کا رعب لوگوں پر طاری رہتا ۔ شجاعت و بہادری حضرت علی کا خاص وصف ہے ۔ آپ کی بہادری کا یہ حال تھا کہ عرب کے بڑے بڑے بہادر آپ کا لوہا مانتے تھے ۔ اپنی شجاعت و بہادری کی وجہ سے آپ شیر خدا اور سید الاشجعین کے نام سے مشہور ہیں ۔ بہادری کے ساتھ ساتھ آپ میں اپنے دشمنوں کو معاف کرنے کی صفت نور علی نور تھی ۔ حضرت علی کے اخلاق و عادات میں جو چیز سب سے زیادہ اجاگر نظر آتی ہے وہ تقوی ہے ۔ آپ اللہ سے بہت ڈرتے تھے اور آپ کے وقت کا بڑا حصہ خدا کی عبادت میں گذرتا تھا ۔ حضرت علیؓ کا وقت زیادہ نماز اور روزہ اور عبادت میں گذرتا تھا ۔ آپ کے علم کا اندازہ اللہ کے رسول ﷺ کے اس قول سے بھی ہوتا ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا ’’ میں علم کا شہر ہوں اور علی اس کے دروازے ہیں ‘‘ ۔ ڈاکٹر مولانا سید شاہ عمادالدین قادری الجیلانی نے کہا کہ اہل بیت اطہار سے محبت اصل ایمان ہے کیونکہ حضور ﷺ نے فرمایا میں تم میں دو بھاری چیزیں چھوڑ جارہا ہوں ان کو مضبوطی سے تھاموگے تو کبھی گمراہ نہیں ہوگے ۔ ایک قرآن مجید دوسرا میرے اہل بیت ۔ اس جشن کا آغاز حافظہ رمیصاء افشین کی قرات ، قاریہ شفا ناز کی نعت شریف سے ہوا ۔ اس کے علاوہ طالبات جامعتہ المومنات نے منقبتیں بشان حضرت علی مرتضیؓ سنانے کی سعادت حاصل کی ۔ ڈاکٹر مفتی حافظ محمد مستان علی قادری بانی و ناظم اعلی جامعتہ المومنات نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا ۔ اس جشن میں محترمہ کریم النساء ( ڈپٹی کمشنر بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن تلنگانہ ) ، حافظ محمد صابر پاشاہ قادری مفتی ایس ایم سراج الدین مفتی عبدالواسع احمد صوفی ، جناب شمس الدین فاروقی ، جناب محمد غوث قادری ، جناب عبدالرحیم ، جناب احمد پاشاہ ، مفتی عبدالرحیم قادری وغیرہ نے شرکت کی ۔ دعاء و سلام پر جشن کا اختتام عمل میں لایا گیا ۔