ایٹالہ دیگر پارٹی سے مقابلہ کرتے تو جیت غیر یقینی تھی ، ووٹ فیصد میں انکشاف
حیدرآباد۔3 نومبر(سیاست نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی کے پاس اگر ایٹالہ راجندر امیدوار نہ ہوتے تو حضور آباد میں بھارتیہ جنتا پارٹی کبھی کامیاب نہیں ہوتی اور ایٹالہ راجندر کسی اور سیاسی جماعت میں شامل ہوتے ہوئے انتخابات میں حصہ لیتے تو یہ حضور آباد ضمنی انتخابات ان کے لئے اس قدر آسان نہیں ہوتے بلکہ ریاستی حکومت کی جانب سے ان کے خلاف بڑے پیمانے پر کاروائیوںکے ذریعہ انہیں بدعنوان ثابت کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑتی۔ ایٹالہ راجندر نے سال 2018 میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں تلنگانہ راشٹرسمیتی کے ٹکٹ پر 1لاکھ 4ہزار 840 ووٹ حاصل کئے تھے جو کہ مجموعی ووٹوں کا 59.34 فیصد تھا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کو 2018میں 0.95 فیصد ووٹ حاصل ہوئے تھے اور ان کی تعداد 1683 تھی ۔ کانگریس کے اس وقت کے امیدوار کوشک ریڈی نے ان انتخابات میں 34.60فیصد ووٹ حاصل کئے تھے جو کہ 61ہزار121 تھے ۔ حضور آباد ضمنی انتخابات میں ایٹالہ راجندر نے اب جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کیا ہے تو انہیں 51.96 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں جو کہ 1لاکھ 7ہزار22 ووٹ ہیں اور تلنگانہ راشٹر سمیتی کے امیدوار جی سرینواس یادو کو 40.38 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں جو کہ 83ہزار167 ووٹ ہیں۔ کانگریس کے امیدواربی وینکٹ نرسنگ راؤ کو مجموعی اعتبار سے 1.46 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیںجن کی جملہ تعداد 3014 ہے۔ سال 2018کے اسمبلی انتخابات اور 2021 ضمنی انتخابات کے نتائج کا باریکی سے جائزہ لیا جائے تو ایٹالہ راجندر کو گذشتہ انتخابات کے مقابلہ میں 2182 ووٹ اضافہ حاصل ہوئے ہیں اور 2018 اسمبلی انتخابات میں بی جے پی امیدوار کو 1683ووٹ حاصل ہوئے تھے ۔ اگر نتائج کو اس طرح سے دیکھا جاتا ہے تو بی جے پی اور ایٹالہ راجندر کا ووٹ بینک ان کے اپنے پاس محفوظ رہا جبکہ کانگریس کے 58 ہزار سے زائد ووٹ تلنگانہ راشٹر سمیتی کو حاصل ہوئے کیونکہ کانگریس کے امیدوار کو محض 3014 ووٹ حاصل ہوئے ہیں جبکہ 2018میں کانگریس امیدوار نے 61 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے تھے۔2018 تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں حضور آباد حلقہ اسمبلی میں مجموعی اعتبار سے 2لاکھ 9ہزار333 رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا تھا جبکہ 2021 ضمنی انتخابات میں 2لاکھ 5ہزار 965 رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے ایٹالہ راجندر کی کامیابی میں اہم کردار اد ا کیا اور انہیں23855 کی بھاری اکثریت سے کامیاب بنایا۔ م