کے سی آر کے دورہ اضلاع میں کوویڈ قواعد کی صریح خلاف ورزی‘ کانگریس کا الزام
حیدرآباد۔ کانگریس پارٹی نے کہا کہ چیف منسٹر کے دورہ اضلاع سے ریاست میں پھر ایک بار کورونا کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ پارٹی ترجمان جی نرنجن نے کہا کہ چیف منسٹر کے دورہ سدی پیٹ اور کاماریڈی کے موقع پر کوویڈ قواعد کی صریح خلاف ورزیاں کی گئیں۔ ماسک کے استعمال اور سماجی دوری کی برقراری پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ چیف سکریٹری سومیش کمار تک ماسک لگائے ہوئے نہیں تھے۔ نرنجن نے کہا کہ چیف سکریٹری کے بشمول تمام عوامی نمائندوں کو ماسک کے عدم استعمال پر ایک ہزار روپئے چالان کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ عوام کو قواعد کی پابندی کا درس دے رہے ہیں انہوں نے خود خلاف ورزی کی ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کوویڈ قواعد برسراقتدار پارٹی کیلئے نہیں بلکہ عوام کیلئے ہے۔ ناگرجنا ساگر ضمنی چناؤ اور پھر مجالس مقامی کے انتخابات کے نتیجہ میں تلنگانہ میں کورونا کی دوسری لہر نے سنگین رُخ اختیار کرلیا تھا۔ ماہرین کی جانب سے آئندہ چھ تا آٹھ ہفتوں میں تیسری لہر کے اندیشہ کے باوجود چیف منسٹر نے لاک ڈاؤن مکمل طور پر ختم کرتے ہوئے عوام کی زندگی کو خطرہ میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع کے دورہ کیلئے چیف منسٹر نے لاک ڈاؤن کو ختم کیا اور انہیں دراصل حضور آباد ضمنی چناؤ کی تیاری کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلکٹریٹس کی نئی عمارتوں کا افتتاح کوئی اہمیت کا حامل نہیں ہے لیکن چیف منسٹر سیاسی شہرت اور فائدہ حاصل کرنے کیلئے اضلاع کے دورہ کے نام پر حضورآباد کی مہم کا آغاز کرچکے ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر کو مشورہ دیا کہ تیسری لہر کے اندیشہ کو دیکھتے ہوئے اضلاع کے دورے منسوخ کردیں تاکہ عوام کورونا سے بچ سکیں۔