حضور نگر حلقہ اسمبلی سے تنہا مقابلہ کرنے تلگو دیشم کا فیصلہ

   

حیدرآباد ۔ 24 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): ریاست تلنگانہ میں حلقہ اسمبلی حضور نگر کے لیے آئندہ ماہ منعقد ہونے والے ضمنی انتخاب میں تلگو دیشم پارٹی کسی اور سیاسی جماعت کی تائید حاصل کئے بغیر تنہا مقابلہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور اس سلسلہ میں سابقہ متحدہ ضلع نلگنڈہ کے تلگو دیشم پارٹی قائدین نے اپنے آپسی تال میل کے ذریعہ تنہا انتخاب میں حصہ لے کر اپنے حریف سیاسی جماعتوں کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تلگو دیشم پارٹی کے باوثوق ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ حلقہ اسمبلی حضور نگر کے ضمنی انتخاب کے پیش نظر متحدہ ضلع نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والے تلگو دیشم پارٹی قائدین کا ایک اہم اجلاس آج منعقد ہوا ۔ اس اجلاس میں حلقہ اسمبلی حضور نگر کے لیے منعقد ہونے والے ضمنی انتخاب میں پارٹی کی جانب سے اختیار کی جانے والی حکمت عملی پر غور و خوض کیا گیا ۔ اجلاس میں شریک قائدین نے متفقہ طور پر اپنے اس احساس کا اظہار کیا ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ حلقہ اسمبلی حضور نگر میں تلگو دیشم پارٹی اپنا ایک طاقتور موقف رکھتی ہے اور اس حلقہ میں تلگو دیشم پارٹی انتہائی مضبوط کیڈر پایا جاتا ہے ۔ لہذا ضمنی انتخاب میں حصہ لے کر ضلع و ریاست کے عوام کو تلگو دیشم پارٹی کے حقیقی موقف سے واقف کروانا ضروری ہے ۔۔