حیدرآباد 30 ستمبر ( پی ٹی آئی ) حضور نگر حلقہ اسمبلی کے ضمنی انتخاب کیلئے جملہ 119 پرچہ جات نامزدگیاں داخل کی گئی ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ یہاں تمام بڑی پارٹیوں بشمول ٹی آر ایس ‘ اپوزیشن کانگریس ‘ بی جے پی ‘ تلگودیشم اور دوسروں میں سخت مقابلہ ہوسکتا ہے ۔ ٹی آر ایس امیدوار ایس سیدی ریڈی ‘ کانگریس کی امیدوار این پدماوتی ریڈی ‘ تلگودیشم کے چاوا کرن مائی اور بی جے پی کے کے راما راو پیر کو آخری دن پرچہ جات نامزدگیاں داخل کرنے والوں میں شامل ہیں۔ عہدیداروں نے کہا کہ جملہ 119 امیدواروں نے اپنے پرچے داخل کئے ہیں۔ منگل کو پرچہ نامزدگیوں کی جانچ ہوگی ۔ واضح رہے کہ اس نشست کیلئے پردیش کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی کے استعفے کی وجہ سے انتخاب ضروری ہوا ہے جنہوں نے نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ سے کامیابی کے بعد یہاں سے استعفی پیش کردیا تھا ۔ کانگریس نے اتم کمار ریڈی کی اہلیہ پدماوتی ریڈی کو ‘ جو سابق رکن اسمبلی ہیں ‘ اس حلقہ سے امیدوار نامزد کیا ہے ۔ ٹی آر ایس نے سیدی ریڈی ہی کو امیدوار بنایا ہے جنہیں 2018 میںاتم کمار ریڈی کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ اتم کمار ریڈی کیلئے اس نشست پر کامیابی وقار کا مسئہ ہے جبکہ ٹی آر ایس کی جانب سے بھی کانگریس سے یہ نشست چھین لینے کیلئے کوئی کسر باقی نہیں رکھی جا رہی ہے ۔ چونکہ ٹی آر ایس کو لوک سبھا انتخابات میں کچھ جھٹکے لگے ہیںایسے میں ٹی آر ایس اس نشست سے کامیابی کیلئے ہر ممکن جدوجہد کر رہی ہے ۔