حضور نگر ضمنی انتخاب کیلئے سی پی ایم امیدوار پی شیکھر آج پرچہ نامزدگی داخل کریں گے

   

حیدرآباد 29 ستمبر (این ایس ایس) سی پی ایم نے حضور نگر اسمبلی کے ضمنی چناؤ کے لئے آج اس کے امیدوار کے نام کا اعلان کیا۔ پالیم پلی شیکھر سی پی ایم کے امیدوار ہوں گے۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے سی پی ایم اسٹیٹ سکریٹری ٹی ویرا بھدرم نے کہاکہ اس ضمنی چناؤ کے نتیجہ سے ریاستی حکومت کی بقاء پر کوئی اثر نہیں ہوگا لیکن اس سے ریاست میں ایک قسم کے مباحث کے لئے راہ ہموار ہوگی۔ یہ اعتراف کرتے ہوئے کہ سیاست میں دولت کے استعمال میں اضافہ کے باعث سی پی ایم کمزور ہے۔ ویرا بھدرم نے کہاکہ مقننہ میں کمیونسٹس کی غیر موجودگی کو ریاست میں واضح طور پر محسوس کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ جب ان کے پارٹی ممبرس ایوان میں موجود ہوتے تھے کسی بھی موضوع پر مباحث بامقصد ہوا کرتے تھے۔ انھوں نے کہاکہ ان کے پارٹی امیدوار پیر کو ایک بڑی ریالی کے ساتھ پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ انھوں نے کہاکہ انھوں نے اس سلسلہ میں ٹی جے ایس، ٹی ڈی پی اور سی پی آئی کے ساتھ بات چیت کی ہے اور کہاکہ تلگودیشم پارٹی کے صدر این چندرابابو نائیڈو نے انھیں بتایا کہ وہ چناؤ میں اپنے طور پر مقابلہ کریں گے۔ سابق ایم ایل اے جے رنگاریڈی نے کہاکہ اگر انھیں ایوان میں نمائندگی حاصل ہو تو کسی بھی مسئلہ پر مباحث کے لئے امکانات ہوں گے۔ انھوں نے حضور نگر کے عوام سے ان کے پارٹی امیدوار کو ووٹ دینے کی پرزور اپیل کی۔