حضور نگر میونسپل چیر پرسن کی کونسلرس کے ساتھ کانگریس میں شمولیت

   

رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے پارٹی میں استقبال کیا
حیدرآباد 16۔اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے حضور نگر اسمبلی حلقہ میں انتخابی مہم کا آغاز کردیا اور ووٹرس سے ملاقات کرکے کانگریس کی 6 ضمانتوں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ اس موقع پر حضور نگر میونسپل چیر پرسن ارچنا نے اپنے حامیوں کے ساتھ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ انہوں نے بی آر ایس سے استعفیٰ کا اعلان کیا۔ ارچنا کے ہمراہ تین کونسلرس گیاتری ، گنگا بھوانی اور اے ستیش نے بھی بی آر ایس سے استعفیٰ دے کر کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ارچنا کی قیامگاہ پر تقریب میں اتم کمار ریڈی نے ان تمام کا کانگریس میں استقبال کیا اور کھنڈوا پہنایا۔ انہوں نے تیقن دیا کہ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو مناسب مقام دیا جائے گا ۔ ان کے بہتر سیاسی مستقبل کو پارٹی یقینی بنائے گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کا اقتدار یقینی ہے اور نئی حکومت پہلے کابینی اجلاس میں 6 تیقنات پر عمل کا فیصلہ کریگی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام بی آر ایس حکومت سے عاجز آچکے ہیں کیونکہ گزشتہ 9 برسوں میں عوام سے وعدوں کی تکمیل نہیں کی گئی۔