حضور نگر میں بی جے پی و تلگودیشم کو ہزیمت‘ ضمانتیں ضبط

   

حیدرآباد 24 اکٹوبر ( این ایس ایس ) قومی جماعت بی جے پی اور این چندرا بابو نائیڈو کی تلگودیشم پارٹی کو حضور نگر اسمبلی ضمنی انتخابات میں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ اس حلقہ کے نتائج کا آج اعلان کیا گیا جہاں دونوں ہی جماعتوں کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوگئیں۔ سب سے زیادہ ہتک بی جے پی امیدوار کے راما راو کی ہوئی ہے جنہیں صرف 2621 ووٹ حاصل ہوئے ہیں جبکہ تلگودیشم امیدوار سی ایچ کرن مائی کو بھی 1827 ووٹوں پر اکتفاء کرنا پڑا ہے ۔ حضور نگر حلقہ اسمبلی میں بی جے پی کے ریاستی قائدین کے علاوہ مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ جی کشن ریڈی نے بھی پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیا تھا اور انہوں نے ٹی آر ایس حکومت اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کے خلاف سخت تنقیدیں کی تھیں۔ اسی طرح تلگودیشم پارٹی نے بھی یہاں مہم شدت سے چلائی تھی اور اس پارٹی کو سی پی ایم کی تائید حاصل تھی ۔ اس پارٹکی نے بھی ٹی آر ایس حکومت کے خلاف کئی الزامات عائد کئے تھے تاہم یہ ساری کوششیں اور چیف منسٹر پر شخصی تنقیدیں بے اثر ثابت ہوئی ہیں اور ٹی آر ایس کو شاندار کامیابی ملی ہے ۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ ایک آزاد امیدوار کو بی جے پی اور تلگودیشم سے زیادہ ووٹ ملے ہیں اور وہ تیسرے نمبر پر رہے ہیں۔