حضور نگر میں سرکاری مشنری کا بیجا استعمال ، اتم کمار ریڈی کا الزام

,

   

کانگریس کارکنوں کو رقومات کا لالچ اور مقدمات سے ہراسانی، کانگریس کی کامیابی یقینی

حیدرآباد۔/28 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ حضور نگر میں ٹی آر ایس قائدین بھاری رقومات تقسیم کرتے ہوئے کانگریس کارکنوں کو لالچ دے رہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے ٹی آر ایس پر شکست کے خوف سے کانگریس قائدین کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ حلقہ کے عوام نے کانگریس کو کامیاب کرنے کا تہیہ کرلیا ہے اور ٹی آر ایس کے منصوبوں کو کامیابی نہیں ملے گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس کامیابی کیلئے جو اوچھی سیاست چل رہی ہے انہوں نے اپنی سیاسی زندگی میں اس قدر گھٹیا سیاست کو نہیں دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات جمہوری انداز میں ہونے چاہیئے لیکن ٹی آر ایس کو دولت اور طاقت کے استعمال پر یقین ہے۔ انہوں نے ٹی آر ایس قائدین پی راجیشور راؤ کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ ریت کے کاروباری اور قمار بازی کے اڈے چلانے والے کس پارٹی میں ہیں عوام اچھی طرح جانتے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ پی راجیشور راؤ جواب دیں کہ انوراگ انجینئرنگ کالج کس طرح قائم کیا گیا۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ سرپنچ موتی لال، زیڈ پی ٹی سی رکن جتیندر ریڈی اور دوسرے قائدین تین دن قبل ٹی آر ایس میں شامل ہوئے تھے لیکن وہاں کی ہراسانی سے تنگ آکر دوبارہ کانگریس پارٹی میں واپس آچکے ہیں۔ صدر پردیش کانگریس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ امیدواروں کے بارے میں مکمل جائزہ لینے کے بعد ہی اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ ٹی آر ایس پر سرکاری مشنری کے بیجا استعمال کا الزام عائد کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پرگتی بھون میں کے سی آر اور کے ٹی آر سیاسی قائدین کے انحراف کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔ دستوری عہدہ پر موجود قانون ساز کونسل کے صدر نشین جی سکھیندر ریڈی، چیف منسٹر کو خوش کرنے کیلئے نچلی سطح کی سیاست کررہے ہیں۔ کانگریس قائدین اور کارکنوں کو جھوٹے مقدمات سے دھمکایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس لاکھ سازش کرلے کانگریس کی کامیابی کو کوئی روک نہیں پائے گا۔ پدماوتی ریڈی 30 ہزار سے زائد ووٹ کی اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گی۔ ٹی آر ایس نے شکست کے خوف سے باہر کے قائدین کو حضور نگر منتقل کیا ہے۔