گھر گھر انتخابی مہم چلانے قائدین کو ہدایت،ٹیلی کانفرنس سے خطاب
حیدرآباد۔/12 اکٹوبر، (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے حضور نگر ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس کی کامیابی کو یقینی قرار دیا اور کہا کہ انتخابی امکانات سے متعلق تمام سروے پارٹی کے حق میں ہیں۔ کے ٹی راما راؤ نے آج حضور نگر کے پارٹی قائدین کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کی اور انتخابی مہم کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے قائدین کو ہدایت دی کہ جاریہ ہفتہ گھر گھر انتخابی مہم میں شدت پیدا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کی کامیابی کی صورت میں حضور نگر ترقی کی نئی منزلیں طئے کرسکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عوام ٹی آر ایس کے حق میں تائید کا اظہار کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس کے پاس عوام سے رجوع ہونے کیلئے موضوعات نہیں ہیں اور حکومت پر بے بنیاد الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی فنڈ سے حضور نگر کو ترقی دینے کا اتم کمار ریڈی وعدہ کررہے ہیں حالانکہ وہ اس بات کو بھول رہے ہیں کہ مرکز میں کانگریس کی حکومت نہیں ہے پھر وہ کہاں سے فنڈز حاصل کریں گے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حضور نگر میں بی جے پی کی طاقت کا پول کھل جائے گا اگر بی جے پی امیدوار کی ضمانت بچتی ہے تو یہ بڑی بات ہوگی۔ انہوں نے کہا شکست کے خوف سے بی جے پی اور کانگریس نے مفاہمت کرلی ہے اور ٹی آر ایس کو شکست دینے کیلئے گمراہ کن مہم چلارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سروے میں 50 فیصد ووٹ ٹی آر ایس کے حق میں آئے ہیں اور انتخابی مہم کے باقی ایام میں اس کے فیصد میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے تمام طبقات ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کانگریس اور بی جے پی کی جانب سے کامیابی کے دعوؤں کو مسترد کردیا۔