دلت بندھو اسکیم پر آج سے عمل ، ایٹالہ راجندر ہاسپٹل سے ڈسچارج ۔ کانگریس بھی سرگرم
حیدرـآباد۔/5 اگسٹ، ( سیاست نیوز) اسمبلی حلقہ حضور آباد کے ضمنی انتخابات کیلئے انتخابی شیڈول کسی بھی وقت جاری ہوسکتا ہے، اس کے تمام سیاسی جماعتوں کو اشارے مل چکے ہیں۔ جس کے بعد تلنگانہ میں سیاسی سرگرمیاں اچانک عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر نے ریاست میں 16 اگسٹ سے دلت بندھو اسکیم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن کل چیف منسٹر نے واسالا مری موضع کا دورہ کیا اور آج دلتوں کے بینک کھاتوں میں دلت بندھو اسکیم کے فنڈز منتقل کرنے کا وعدہ کیا جس پر محکمہ ایس سی بہبود کی جانب سے 76 دلت خاندانوں کے بینک کھاتوں میں 7.60 کروڑ روپئے جمع کروائے گئے۔ ساتھ ہی ایٹالہ راجندر بھی ہاسپٹل سے ڈسچارج ہوگئے۔ کل ہی صدر تلنگانہ پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے متحدہ ضلع کریم نگر کے کانگریس قائدین کا اجلاس طلب کرکے حضورآباد کے ضمنی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا تھا۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ سنٹرل الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ ماہ ستمبر میں ملک بھر میں حضورآباد کے ساتھ 103 اسمبلی حلقوں کے انتخابات کرنے کی تیاریاں کررہا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ جمعہ یا ہفتہ کو شیڈول جاری ہوسکتا ہے۔ شیڈول کی اجرائی کے بعد سرکاری اسکیمات کا اعلان کرنا ممکن نہیں ہے۔ اس لئے چیف منسٹر نے حضورآباد کے بجائے آج سے واسالامری گاؤں سے دلت بندھو اسکیم کا آغاز کردیا ہے۔ ساتھ ہی صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے حضورآباد سے پارٹی امیدوار کے انتخاب کی ذمہ داری کانگریس کے قائدین پونم پربھاکر اور دامودھر راج نرسمہا پر چھوڑ دی ہے۔ اس کے علاوہ 11 تا 21 اگسٹ اسمبلی حلقہ حضورآباد میں اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پدیاترا کے دوران بیمار ہوجانے والے بی جے پی قائد ایٹالہ راجندر کی اپولو ہاسپٹل میں گھٹنے کی سرجری ہوئی تھی اور وہ ہفتہ دس دن تک ڈاکٹرس کی نگرانی میں رہنے والے تھے تاہم آج وہ اچانک ہاسپٹل سے ڈسچارج ہوگئے اور ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے چیف منسٹر کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ابھی تک حلقہ اسمبلی حضورآباد میں 150 کروڑ روپئے خرچ کرنے کا الزام عائد کیا۔ اس طرح ریاست میں حضورآباد ضمنی انتخابات کیلئے سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔