تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی، ٹی آر ایس اور بی جے پی میں ملی بھگت
حیدرآباد۔/26اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے حضورآباد ضمنی چناؤ کی مہم میں شدت پیدا کردی ہے۔ سابق صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی رکن پارلیمنٹ اور سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے آج حضورآباد کے کملا پور منڈل میں کانگریس امیدوار بی وینکٹ کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ ان کے ہمراہ ضلع کانگریس صدور راجندر، راگھو، تشہیر کمیٹی کے کنوینر عظمت اللہ حسینی اور رکن اسمبلی سیتکا موجود تھیں۔ اتم کمار ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کے سی آر حکومت کو سبق سکھائیں جس نے گزشتہ سات برسوں میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضورآباد کے ضمنی چناؤ میں کامیابی کیلئے ٹی آر ایس دولت اور شراب کے بے دریغ استعمال کررہی ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری مشنری کا بیجا استعمال کرتے ہوئے اپوزیشن کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاست میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی اور ترقیاتی و فلاحی کاموں کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے لیکن ٹی آر ایس نے اقتدار کو بچانے کیلئے کانگریس کے ارکان اسمبلی کو انحراف پر اُکسایا۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے ٹی آر ایس اور بی جے پی کو ایک سکے کے دو رخ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی سے خفیہ مفاہمت کے نتیجہ میں حضورآباد میں قومی قائدین نے دورہ سے گریز کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس نے ایک نوجوان قائد کو امیدوار بنایا تاکہ بیروزگار نوجوانوں کو ملازمت اور تعلیمی سہولتوں کی فراہمی کی جدوجہد کی جاسکے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد صرف کے سی آر خاندان کو فائدہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ایٹالہ راجندر نے ریاستی وزیر کی حیثیت سے حضورآباد کی ترقی کو فراموش کردیا تھا۔ر