حیدرآباد۔/12 ستمبر، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر جی نرنجن نے حضور آباد ضمنی چناؤ کے سلسلہ میں برسراقتدار پارٹی کی جانب سے دھاندلیوں کی تیاری کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے اس سلسلہ میں چیف الیکشن کمشنر آف انڈیا کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ضروری کارروائی کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہی کے موقع پر ای وی ایم مشینوں میں اُلٹ پھیر کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ اس سلسلہ میں چیف الیکٹورل آفیسر اور ضلع کلکٹر سے شکایت کی جاچکی ہے لیکن ریاستی عہدیدار کارروائی سے گریز کررہے ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ انتخابی اعلامیہ کی اجرائی سے قبل ہی ضلع نظم و نسق برسراقتدار پارٹی کے حق میں کھل کر کام کررہا ہے۔ الیکشن کمیشن سے درخواست کی گئی کہ ای وی ایم مشینوں کے نوڈل آفیسر کے علاوہ ضلع کلکٹر کا تبادلہ انتخابی اعلامیہ کی اجرائی سے قبل کیا جائے۔R