نئی دہلی ۔ یکم؍ اگست (سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس نے جمعرات کے دن کارکنوں کے ایک گروپ کو راشٹرپتی بھون تک جلوس نکالنے کے الزام میں حراست میں لے لیا۔ وہ صدر جمہوریہ سے ملاقات کرکے حق اطلاعات ترمیمی مسودہ قانون روک دینے کا مطالبہ کررہے تھے۔ یہ بل گذشتہ ہفتہ پارلیمنٹ میں منظور ہوچکا ہے۔ کارکنوں کا ایک گروپ قومی سطح پر عوام کے حقوق برائے اطلاعات کیلئے مہم چلا رہا ہے۔ صدرجمہوریہ ہند رام ناتھ کووند نے راشٹرپتی بھون کے روبرو کارکنوں کے 38 نمائندوں سے ملاقات کی جنہوں نے ایک یادداشت ان کے حوالہ کی تاکہ حق اطلاعات قانون کو منظوری نہ دی جائے۔ ایک شہری تنظیم کی انجلی بھگواج نے این ڈی اے کی مرکزی حکومت پر اطلاعاتی کمیشنوں کی اہمیت کم کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ تازہ ترمیمات سے جو حق اطلاعات قانون میں کی گئی ہیں، اس کا ثبوت ملتا ہے۔