آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ حکومت کے رویہ پر صدر ٹاؤن کانگریس جی پرساد کا ریمارک
بودھن ۔ 6؍ اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر ٹاؤن کانگریس جی پراساد نے آج رائس ملر اسوسی ایشن کے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ تحریک کے دوران جن کارپوریشنس و صنعتوں کے مزدوروں نے بڑھ چڑھکر حصہ لیاتھا انہیں چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھرراؤ اعزازات سے نوازنے کے بجائے روٹی روزی سے محروم کر رہے ہیں ۔ پراساد نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین اور نظام شوگر فیاکٹری کے ملازمین نے تحریک تلنگانہ کے دوران اپنا سب کچھ نچھاور کردینے کے عہد کے ساتھ تحریک میں حصہ لیا تھا لیکن کے سی آر نے علحدہ ریاست کے قیام کے بعد NSF کوبند کر کے سینکڑوں ملازمین کو بیروزگار بنا دیا اور اب اپنے جائز حقوق کے لئے جدوجہد کرنے والے ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کو حقوق فراہم کرنے کے بجائے انہیں بھی بیروزگار بنا دینے کی دھمکی دے رہے ہیں ۔ اس پریس کانفرنس سے سابق صدرنشین بلدیہ محمد غوث الدین اور شیخ محی الدین پاشاہ نے بھی مخاطب کیا ۔ اس موقع پر سابق اراکین بلدیہ دامودھرریڈی‘ ستیم شیکھر‘ خواجہ فیاض الدین کے علاوہ گنگادھر گوڑ ‘ ستیہ نارائنا روی شنکر گوڑ ‘ سری کانت چاری ‘ اعجاز ‘ شیخ کلیم ‘ نوئن سائلو وغیرہ موجود تھے واضح رہے کہ آج آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال دوسرے دن میں داخل ہوگئی ۔ بودھن ڈپو سے تعلق رکھنے والے صد فیصد ملازمین ہڑتال میں شامل ہونے کے باوجود مسافرین کے لئے متبادل انتظامات کئے گئے جس کے باعث ہڑتال کا جزوی اثر دیکھا گیا ۔ اردو اخبارات کے قارئین کو اخبارات نہ ملنے کی وجہ سے دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔