اربن نکسلائٹس تلنگانہ میں نامزد عہدوں پر فائز ہوکر سرکاری مراعات حاصل کررہے ہیں
حیدرآباد ۔ 19 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے نے پھر ایکبار سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ جنگلوں میں جہاں حقیقی نکسلائٹ مارے جارہے ہیں وہیں اربن نکسلائٹس شہروں میں بیٹھ کر اثاثے جمع کررہے ہیں اور حکومت کے نامزد اور کمیشن کے عہدوں پر فائز ہیں ۔ کریم نگر پارلیمانی حلقہ کے پولنگ بوتھ صدور ، سکریٹریز اور مقامی قائدین کے اجلاس میں شرکت کرنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ اربن نکسلائٹس نے برسوں تک دلتوں ، قبائلی نوجوانوں کو اکسا کر نکسل تحریک میں شامل ہونے کی ترغیب دی ۔ جس سے بے قصور لوگوں کی جانیں گئی ہیں ۔ جن اربن نکسلائٹس نے معصوم نوجوانوں کو بندوق اٹھانے کے لیے مجبورکیا ہے انہیں ہی ان کی اموات کا ذمہ دار قرار دیا۔ بنڈی سنجے نے سوال کیا کہ اربن نکسلائٹس جو ہمیشہ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ حکومتوں کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کرتے ہیں لیکن کانگریس حکومت میں کئی ذمہ دار عہدوں پر فائز ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہی سوال لاکھوں لوگوں کے ذہنوں میں ہے اور کانگریس حکومت کو اس کا جواب دینا ہوگا ۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ اربن نکسلائٹس کا اصل مقصد عوامی مسائل نہیں بلکہ سیاسی فائدہ ہے ۔ اس لیے وہ حکومت میں شامل ہو کر مراعات حاصل کررہے ہیں ۔ انہوں نے صورتحال کو ’ خطرناک رجحان ‘ قرار دیتے ہوئے اس پر سنجیدہ قومی سطح کی بحث کی ضرورت پر زور دیا ۔ مرکزی مملکتی وزیر نے کہا کہ بی جے پی اقتدار میں رہے یا نہ رہے ہمیشہ ماؤازم کے خلاف رہی ہے اور اس سوچ سے اس کا سختی سے مقابلہ کررہی ہے ۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ کانگریس نے خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے ، معمرین کو ماہانہ 4000 پنشن اور ملازمین و ریٹائرڈ ملازمین کو متعدد مراعات دینے کا وعدہ کیا تھا کیا ان وعدوں پر عمل ہوا ہے ۔ اگر نہیں تو اربن نکسلائٹس خاموش کیوں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے مارچ تک نکسلائٹس کا خاتمہ کردینے کا اعلان کیا ہے ۔ انہیں امید ہے مارچ تک یہ مشن پورا ہوجائے گا ۔۔ 2