کسی قائد کے جانے سے پارٹی کمزور نہیں، سینئیر قائد مہیشور ریڈی کی سیاست نیوز سے بات چیت
نرمل /17 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کانگریس پارٹی سو سال سے زائد سیاسی تجربہ رکھتی ہے ۔ کسی قائد کے پارٹی چھوڑ دینے سے پارٹی کمزور نہیں ہوتی کیونکہ کسی بھی سیاسی جماعت کی طاقت اس کے کارکن ہوتے ہیں ملک ہو کہ ریاست کسی ایک کی طاقت پر نہیں چلتی بلکہ یہ ان جوانوں کی ہمت اور ذہانت پر چلتی ہے جو اپنے ملک کی خوشحالی کی خاطر اپنی جانیں خطرے میں ڈالتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مسٹر اے مہیشور ریڈی قومی کانگریس کمیٹی پروگرام عمل آوری چیرمین نے سیاست نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ دو دن قبل ضلع نرمل کانگریس کے صدر راما راؤ پٹیل کا کانگریس سے استعفی کے بعد اس تناظر میں مسٹر ریڈی بات کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی طاقت کانگریس کا کیڈر ہے اور اب بھی کانگریس حلقہ اسمبلی مدھول میں بہت مضبوط ہے ۔ نوجوانوں میں راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کا کافی اچھا اثر ہے جبکہ سارے ملک میں اس یاترا سے عوام بالخصوص کانگریس میں ایک نیا جوش و دلوللہ دکھائی دے رہا ہے ۔ عوام اس بار تبدیلی کے حق میںہیں ۔ ایسے ماحول میں پارٹی چھوڑنے والوں کا خود سیاسی نقصان ہوگا ۔ نفرت کی سیاست کے ذریعہ حصول اقتدار کی خاطر صرف اور صرف سرمایہ داروں کی سرپرستی کرنے والی مرکزی حکومت کی پالیسیوں سے ملک کا ہر طبقہ پریشان ہے ۔ ایسے ماحول میں گاندھی خاندان جن کی سیاسی قربانیوں کو ملک کا کوئی بھی طبقہ فراموش نہیں کرسکتا پھر ایک بار سارے ملک کی عوام کو یکجا کرنے کیلئے راہول گاندھی نے بہت بڑا قدم اٹھاتے ہوئے بھارت جوڑو یاترا پر نکل پڑے ہیں جس پر عوام کا ردعمل دیکھتے ہوئے یہ یقین سے کہا جاسکتا ہے کہ سارا ملک کانگریس کی اقتدار پر واپسی کا منتظر ہے ۔