رکن اسمبلی ایم گوپال عوامی مسائل کو حل کرانے میں
پوری طرح ناکام : انجن کمار یادو
حیدرآباد ۔ 25 نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کے امیدوار انجن کمار یادو نے کہا کہ اسمبلی حلقہ مشیرآباد سے بی آر ایس کو ٹاٹا بائے بائے کردینے کا وقت آ گیا ہے۔ عوام نے بھروسہ کرتے ہوئے ایم گوپال کو کامیاب بنایا تھا مگر بی آر ایس کے رکن اسمبلی عوامی توقعات کو پورا کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ اسمبلی حلقہ مشیرآباد کے مسائل جوں کے توں ہیں بلکہ اس میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ بی آر ایس کی حکومت ہونے کے باوجود مسائل کی یکسوئی میں حکومت اور سرکاری مشنری پر اثرانداز ہونے میں ایم گوپال ناکام ہوگئے۔ تلنگانہ میں بی آر ایس کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے۔ کانگریس کی لہر میں بی آر ایس، بی جے پی کے ساتھ ایم گوپال بھی بہہ جائیں گے۔ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوتے ہوئے حکومت تشکیل دے گی۔ اسمبلی حلقہ مشیرآباد کے عوام متفقہ رائے سے انہیں (انجن کمار یادو) کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ سماج کے تمام طبقات کی انہیں بھرپور تائید حاصل ہورہی ہے۔ رضاکارانہ طور پر عوام ان کی انتخابی مہم میں شامل ہورہے ہیں۔ بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کا یقین دلارہے ہیں۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ وہ اسمبلی حلقہ مشیرآباد کے چپہ چپہ سے واقف ہیں۔ کونسے علاقہ کے کیا مسائل ہیں اس کا بھی انہیں علم ہے۔ کامیابی کے بعد ڈرینج نظام کو عصری سہولتوں سے لیس کرتے ہوئے طویل عرصہ سے زیرالتواء مسئلہ کو حل کریں گے۔ ہر علاقہ کے اپنے مسائل ہے۔ ان کی ٹیم مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے اس کو حل کرانے کی حکمت عملی تیار کررہی ہیں۔ کامیابی کے بعد مسائل کو حل کرانا ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس میں خفیہ اتحاد ہوگیا ہے مگر کانگریس پارٹی دونوں پارٹیوں کی سازش کو ناکام بنادے گی۔ن