مظلوم اور بے بس عوام کی مجلس بچاؤ تحریک کے امیدوار کو دعائیں
حیدرآباد۔22۔نومبر(سیاست نیوز) یاقوت پورہ کے عوام میں مجلس بچاؤ تحریک کے امیدوار جناب امجد اللہ خان خالد کا جنون سر چڑھ کر بول رہا ہے اور نوجوانوں کی بڑی تعداد امجد اللہ خان خالد کو رکن اسمبلی کی حیثیت سے منتخب کروانے کے لئے اپنے طور پر کام کرنے لگی ہے ۔ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ سے تحریک کے امیدوار امجد اللہ خان خالد کے ’پرجادربار‘ کے نام سے کی جانے والی خدمات نے انہیں عوام کے درمیان ایک قد آور قائد اور نوجوانوں میں ایک ہمدرد اور مخلص رہنماء بنا دیا ہے۔ امجداللہ خان خالد جو کہ اپنے حلقہ اسمبلی میں عوام سے ملاقات کررہے ہیں تو انہیں دیکھ کر ضعیف العمر حضرات مرحوم قائد غازیٔ ملت محمد امان اللہ خان کو یاد کررہے ہیں۔ جناب امجد اللہ خان خالد جو کھل کر کہہ رہے ہیں کہ وہ کسمپرسی کے عالم میں انتخابات لڑرہے ہیں اور وہ دولت ‘ طاقت اور غنڈہ گردی کا مقابلہ محض عوامی تائید کے ساتھ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ سے ان کی امیدواری کا فیصلہ ان کے خاندان اور جماعت کے جملہ قائدین کا رہا اور تمام قائدین اور افراد خاندان حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ سے مجلس بچاؤ تحریک کے امیدوار کی کامیابی کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پرجا دربار سے استفادہ کرنے والوں کی جانب سے ان کے لئے جو دعائیں کر رہے ہیں ان کی دعاؤں پر ان کا انحصار ہے اور انہیں یقین ہے کہ مظلوم اور بے بس عوام کی دعائیں انہیں کامیابی سے ہمکنار کریں گی۔